گائے کا گوشت کھانے پر وزیراعلیٰ کرناٹک کو گردن اڑانے کی دھمکی دینے والا بی جے پی لیڈر گرفتار، پارٹی نے معطل کردیا
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدرامیا کو گائے کا گوشت کھانے پر سرعام گردن اڑانے کی دھمکی دینے والا بی جے پی لیڈر گرفتار ہوگیا۔ ”شیوا مونگا“ ضلع کے بی جے پی صدر چنا بساپا نے گزشتہ روز شہر میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ سدرامیا کہتے ہیں کہ انکے سامنے بیف رکھا گیا تو وہ کھا جائینگے میں انہیں کہتا ہوں وہ شہر کے وسط میں آئیں اور بیف کھا کر دکھائیں ہم دو منٹ سے پہلے انکی گردن اڑا دیں گے۔ بی جے پی کرناٹک کی تنظیم نے چنا بساپا کے بیان پر شدید ناپسندیدگی ظاہر کرتے ہوئے اسے معطل کرکے شوکاز نوٹس جاری کردیا جبکہ امکان ہے کہ اسے بی جے پی سے نکال دیا جائیگا۔