فاطمہ بھٹو شارجہ بک فیئر میں شرکت کریںگی
شارجہ(چودھری محمدفاروق)ذوالفقار علی بھٹو کی پوتی فاطمہ بھٹو شارجہ میں ہونے والے عالمی بک فیئر میں بطور افسانہ نویس حصہ لیں گی،وہ آج 6نومبر کو رات 8:30سے 9:30تک ہونے والے ادبی فورم میں بطور مہمان شرکت کریں گی،14نومبر تک جاری رہنے والے اس عالمی شہرت یافتہ بک فیئر میں واحد پاکستان سے تعلق رکھنے والی خاتون ہیں جوشارجہ بک فیئر کی تقریب میں بطور مہمان شرکت کریں گی۔ ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے اس پروگرام میں چارمختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے نامورافسانہ نگار،مصنف ،شاعر شرکت کریں گے،جس میں افسانہ نویس تہذیت،ثقافت اور تربیت کے بارے میں اپنے افسانوں کی روشنی میں اس کی اہمیت پر بات چیت کریں گے اس پروگرام کی میزبانی علی الشالی کریںگے۔
مرتضیٰ بھٹو کی بیٹی فاطمہ بھٹو تین کتابیں لکھ چکی ہیں،انہوں نے اپنی پہلی کتاب آزاد کشمیر میں آنے والے زلزلے پر لکھی جو 2006 میں شائع ہوئی جس کانام ”8:50am October 8,2005“ہے،جو انہوں نے خود زلزلہ متاثرین سے ملنے کے بعد لکھی ۔ان کی دوسری کتاب” Song of Blood and sword“اکتوبر 2010ءمیں شائع ہوئی ،اس کتاب میں فاطمہ بھٹو نے اپنے باپ کے قتل کا تذکرہ کیا،ان کی تیسری ناول کتاب ”The shadow of the crescent Moon“نومبر 2013میں شائع ہوئی ،اس کتاب کو عالمی سطح پر بہت پذیرائی ملی،یہ کتاب 240صفحات پر مشتمل ہے اور چند ماہ قبل امریکہ میںبھی شائع ہو چکی ہے۔اس کتاب میں انہوں نے وزیرستان کے قبیلے سے تعلق رکھنے والے افغانستان کے بارڈر پر تین بھائیوں اور خاتون کا ذکر کیاہے،اس ناول کو بیرونی ممالک میں بہت شہرت حاصل ہوئی۔فاطمہ بھٹو بے نظیر بھٹو اورشاہنواز بھٹو کی بھانجی اوربلاول زرداری بھٹو کی کزن ہیں۔