ہائی کورٹ :بہاﺅالدین ذکریا یونیورسٹی کیس ،دو ملزموں کی عبوری ضمانت منظور
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے بہاﺅالدین زکریا یونیورسٹی کے لاہور میں غیرقانونی کیمپس کے قیام میں مبینہ طور پرملوث دوبانی مالکان کی عبوری ضمانت 6 دسمبر تک منظور کرتے ہوئے دونوں ملزموں کو نیب کی تفتیش میں شامل ہونے کاحکم دے دیا۔مسٹرجسٹس محمود مقبول باوجوہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے لاہور کیمپس کے ابتدائی مالکان عقیل طفیل اور گلستان احمد کی درخواست پر سماعت کی ، ملزموں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے ویسٹ کانٹینینٹل گروپ کے نام سے بہاﺅالدین زکریا یونیورسٹی کے لاہور میں کیمپس کے قیام کا تحریری معاہد ہ کیا، بعد میںیہ معاہدہ مظاہر اقبال اور طاہر اقبال کومنتقل کردیا گیا اور دوسرے فریق یہ معاہدہ مزیدآگے تیسرے فریق منیر بھٹی وغیر ہ کو منتقل کر دیا، درخواست گزاروں کا کیمپس کے غیرقانونی قیام اور طلبہ سے فیسیں بٹورنے کے معاملے سے کوئی تعلق نہیںہے مگر نیب نے پھر بھی درخواست گزاروں کو ملزم قرار دیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، انہوں نے استدعا کی کہ درخواست گزارو ں کی عبوری ضمانت منظور کی جائے، عدالت نے دونوں افراد کی 6 دسمبرتک عبوری ضمانت منظورکرتے ہوئے انہیں نیب کی تفتیش میں شامل ہونے کا حکم جاری کر دیاہے۔