کھاد سکینڈل :ہائی کورٹ نے نیب کو ڈیلروں کے خلاف کارروائی سے روک دیا
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے مہنگے داموں کھاد کی فروخت کے سکینڈل میں مبینہ ملوث ڈیلروں کے خلاف نیب کو خلاف قانون کارروائی سے روکتے ہوئے یکم دسمبر تک تحریری جواب طلب کر لیا۔مسٹر جسٹس محمود مقبول باجوہ کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے یہ عبوری حکم امتناعی سخاوت علی بھٹی سمیت متعدد کھاد ڈیلروں کی درخواستوں پر جاری کیا ، درخواست گزاروں کے وکلاءنے موقف اختیار کیا کہ نیب مہنگے داموں کھاد کی فروخت کے سکینڈل کی تحقیقات کر رہا ہے جس میں نیشنل فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کے بعض افسروں کی گرفتاریاں بھی جاری ہیں، نیب کی کارروائی سے لگتا ہے کہ کھاد ڈیلروں کے خلاف بھی ایکشن لیا جائیگا جبکہ کھاد ڈیلروں کا مہنگے داموں کھاد بیچنے سے کوئی تعلق نہیں ہے، ڈیلروں نے وہی کھاد خریدی اور فروخت کی جس کی پہلے ہی کمپنی کو بکنگ کرا رکھی تھی ، انہوں نے استدعا کہ نیب کو ڈیلروں کیخلاف ممکنہ کارروائی اور انہیں ہراساں کرنے سے بھی روکاجائے، عدالت نے ڈیلروں کی دیگر تمام درخواستیں بھی یکجا کرتے ہوئے نیب سے یکم دسمبر تک جواب طلب کرلیا، عدالت نے نیب کو ہدایت کی کہ ڈیلروں کے خلاف خلاف قانون کوئی کارروائی نہ کی جائے۔