ٹیکسٹائل برآمد کنندگان کیلئے وزیراعظم پیکج پر تیزی سے عمل ہورہا ہے ، پرویز ملک

ٹیکسٹائل برآمد کنندگان کیلئے وزیراعظم پیکج پر تیزی سے عمل ہورہا ہے ، پرویز ...

  

 لاہور(کامرس رپورٹر ) وزارت تجارت اور ٹیکسٹائل ڈویژن کے زیر اہتمام فیڈرل ٹیکسٹائل بورڈ کا ساتواں اجلاس ہفتہ کے روززراعت ہاؤس لاہور میں وفاقی وزیر تجارت محمد پرویز ملک کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں وزیر اعظم کے ٹیکسٹائل پیکیج پر عملدرآمد‘ برآمدات میں اضافہ‘ سیلز ٹیکس ریفنڈ کی ادائیگی‘ پیداواری و کاروباری لاگت میں کمی لانا‘ تجارتی خسارہ میں کمی سمیت ایکسپورٹرز کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے بارے میں امور زیر بحث آئے‘ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری ٹیکسٹائل ڈویژن حسن اقبال‘ وفاقی سیکرٹری کامرس‘ وفاقی سیکرٹری خزانہ‘ وفاقی سیکرٹری صنعت و پیداوار‘ وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ ‘ سکیورٹی اینڈریسرچ‘ ڈائریکٹر ٹیکسٹائل ریسرچ ونگ ٹیکسٹائل ڈویژن‘ ریکٹر نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد‘ پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کے نائب صدر‘ ٹیکسٹائل کمشنرز‘ چیئرمین اپٹما سمیت دیگر ایکسپورٹ ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے شرکت کی‘ سیکرٹری ٹیکسٹائل ڈویژن حسن اقبال نے اجلاس کے شرکاء کو برآمدات سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی‘ تمام ایکسپورٹرز ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے اپنے اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں‘ اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت محمد پرویزملک نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر ملکی معیشت میں ایک ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے‘ مشکلات کے باوجود صنعتیں کام کر رہی ہیں‘ حکومت انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے‘ ایکسپورٹرز کیلئے وزیر اعظم کے پیکیج پر عملدرآمد کے حوالے سے تیزی سے کام ہو رہا ہے اور اس میں پہلے سے بہتری آئی ہے‘ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معیشت میں بہتری کیلئے برآمدات میں اضافہ بہت ضروری ہے‘ گزشتہ تین ماہ سے ملکی برآمدات میں بہتری آئی ہے‘ ملک میں برآمدکنندگان کیلئے پیداواری و کاروباری لاگت کو کم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے‘ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹرز کو ایف بی آر سمیت دیگر اداروں کی طرف سے درپیش مسائل کو حل کیا جائیگا‘ بجلی اور گیس کی قیمتوں کو کم کرنا مشکل عمل ہے اسے ایک لیول پر رکھنے کیلئے مشاورت کی جائیگی‘ تاکہ مسائل حل ہو سکیں‘ انہوں نے کہا کہ کاٹن کی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے قوانین بنانے کی ضرورت ہے تاکہ اس کی پیداوار میں اضافہ ہو سکے‘ انہوں نے کہا کہ ملکی درآمدات میں اضافہ ہوا ہے جس کی بڑی وجہ پاور پلانٹس و مشینری ہے‘ اس موقع پر وزیرمملکت برائے تجارت و ٹیکسٹائل اکرم انصاری نے کہا کہ ملک میں کاٹن کی پیداوار میں بہتری اور ایکسپورٹ میں اضافہ خوش آئند ہے‘ پیداواری لاگت ایک اہم مسئلہ ہے جس کو کم کرنے کی ضرورت ہے‘ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم ویلیو ایڈیشن کی طرف نہیں جائیں گے تو بہتری نہیں آسکتی‘ ویلیو ایڈیشن سیکٹر کو مراعات ملنی چاہئیں‘ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹرز کی تجاویز آگئی ہیں جن کو یکجا کرکے حتمی شکل دیکر وزیر اعظم سے مشاورت کی جائیگی تاکہ مسائل حل ہو سکیں.

‘ اجلاس میں اپٹما کے چیئرمین عامر فیاض شیخ نے کہا کہ ایکسپورٹرز کیلئے وزیر اعظم پیکیج پر عملدرآمد کے حوالے سے بہتری نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں جس سے برآمد کنندگان کے مسائل میں کمی آئے گی اور ملکی ایکسپورٹ میں اضافہ ہو گا‘انہوں نے کہا کہ حکومت کو پانچ سال کیلئے پالیسی بنانی چاہئے‘ ٹیکسٹائل کی برآمدات 20 بلین ڈالر ہے جسے پانچ سال میں چالیس بلین ڈالر تک لے جا سکتے ہیں‘ ہمیں ملکی درآمدات کی حوصلہ شکنی کرنا چاہئے‘اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت نے تمام ایکسپورٹرز ایسوسی ایشنز کے نمائندگان کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کروائی۔

مزید :

کامرس -