ڈاکٹر طاہررضا بخاری کی کتاب’’ زاد الابرار‘‘ کی تقریب رونمائی

ڈاکٹر طاہررضا بخاری کی کتاب’’ زاد الابرار‘‘ کی تقریب رونمائی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(پ ر) سید علی بن عثمان ہجویری المعروف حضرت داتاگنج بخشؒ اُس عظیم قافلہ علم و حکمت اور شریعت و طریقت کے سرخیل تھے‘ جن کے دم قدم سے یہ برصغیر اسلام کے نور سے منور ہوا۔یہ ملکِ پاکستان اس خطۂ زمین پر علماء و مشائخ اور صوفیائے کرام کے پیدا کردہ سماجی انقلاب کا نتیجہ ہے۔حضرت داتا گنج بخشؒ نے ساری زندگی دین اسلام کی تبلیغ و اشاعت میں گزاری۔آپ کی شخصیت، کردار اور اخلاق و تعلیمات سے متاثر ہو کر لاکھوں افراد نے اسلام قبول کیا۔ ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی کتاب ’’زاد الابرار‘‘ داتا گنج بخشؒ کا فیضان ہے اور اس کا اثر خوشبو کی طرح پھیلے گا۔ ان خیالات کااظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،لاہور میں حضرت مخدوم سید علی بن عثمان ہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ کے974ویں سالانہ عرس مبارک کے سلسلے میں ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا۔ اس موقع پر تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، سابق چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت و چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد، صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور سید زعیم حسین قادری، ڈائریکٹر جنرل محکمہ اوقاف و مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ، ممتاز کالم نگار ودانشور ڈاکٹر محمد اجمل نیازی، سجادہ نشین آستانۂ عالیہ شرقپور شریف صاحبزادہ میاں ولید احمد شرقپوری، سجادہ نشین آستانۂ عالیہ چورہ شریف پیر سید احمد ثقلین حیدر گیلانی، خطیب جامع مسجد داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی، صدر نظریۂ پاکستان فورم میرپور آزاد کشمیر مولانا محمد شفیع جوش، رہنما مسلم لیگ یوتھ ونگ میاں غلام حسین شاہد، پیر سید نوبہار شاہ، علامہ اصغر عارف، فاروق خان آزاد، نواب برکات محمود، انعام الرحمن گیلانی، منظور حسین خان، ڈاکٹر یعقوب ضیاء سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کثیر تعداد میں موجود تھے۔تقریب کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ تقریب کے دوران ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی کتاب’’زادالابرار‘‘ کی رونمائی بھی کی گئی۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے اداکیے۔پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا میرے خیال میں پاکستان کے اصل بانی سید علی بن عثمان ہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ ہیں، انہوں نے اس خطہ میں دین اسلام کی شمع روشن کی اور آپ کی دعوت و تبلیغ کے نتیجے میں لاکھوں ہندو دائرہ اسلام میں داخل ہو گئے۔ حضرت داتا گنج بخشؒ کی کتاب کشف المحجوب تصوف کی بہترین کتاب ہے اور ہر شخص کو اس کا مطالعہ کرنا چاہئے۔چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد نے کہا کہ سید علی ہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ نے تصوف کی بہترین کتاب کشف المحجوب لکھی جس کے بارے میں حضرت نظام الدین اولیاءؒ نے فرمایا تھا کہ جس کا کوئی مرشد نہیں وہ کشف المحجوب کو اپنا مرشد بنا لے۔ سید علی ہجویریؒ نے اپنے اعلیٰ کردار کی بدولت اعلیٰ مقام حاصل کیا۔صوبائی وزیرسید زعیم حسین قادری نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا اور یہ ملک تاقیامت قائم ودائم رہے گا۔ دین اسلام کے نام پر قائم ہونیوالے اس ملک کے بانی قائداعظمؒ بھی ولی اللہ تھے۔ یہ ملک نبی کریمؐ اور اولیائے کرام کا روحانی فیضان ہے۔ برصغیر میں اشاعت اسلام کیلئے آپؒ نے جو کارہائے نمایاں انجام دیے وہ تاریخ کا روشن باب ہیں۔ ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری نے کہا کہ صاحب کردار صوفیائے کرام کی محنت کی بدولت ہم آج آزاد پاکستان میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ داتا گنج بخشؒ سے منسوب ہر شے فیض پاتی ہے۔ داتا گنج بخشؒ کی کتاب ’’کشف المحجوب‘‘ تصوف اور عقائد کی کتاب ہے۔ لاہور کو داتا کی نگری کہا جاتا ہے۔ برصغیر میں شاید ہی کوئی گھر ایساہو جس کا کسی خانقاہ سے تعلق نہ ہو۔ڈاکٹر محمد اجمل نیازی نے کہا حضرت داتا گنج بخشؒ نے اپنی تعلیمات کے ذریعے اس خطے پر جو اثرات مرتب کیے وہ ابھی تک قائم ہیں۔ ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے اپنی کتاب میں چھوٹی چھوٹی حکایتوں کے ذریعے بڑی بڑی حقیقتوں کو بیان کر دیا ہے۔