نواز شریف سے ایاز صادق کی ملاقات ، پارٹی میں گروپ بندی کے خاتمے کا فیصلہ
لاہور(نمائندہ خصوصی) سابق وزیراعظم نواز شریف سے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملاقات کی ہے جس میں پارٹی میں موجود گروپ بندی کے خاتمے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جاتی امراء میں نوازشریف سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور چوہدری منیر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران عوامی رابطہ مہم تیز کرنے پر اتفاق کرنے کیساتھ فیصلہ کیا گیا 12 نومبرسے الیکشن مہم کا آغاز ابیٹ آباد کے جلسے سے شروع کیا جائے گا، ایبٹ آباد جلسے کے بعد جلسوں کا اگلا شیڈول جاری کیا جائے گا، اس کے علاوہ پارٹی کے اندر جاری گروپ بندی ختم کروانے کیلئے بھی حکمت عملی بنائی جائے گی۔
نواز ایاز ملاقات
لاہور(آن لائن)اسپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق نے کہاہے کہ آئین اور قانون میں ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ کی کوئی گنجائش موجودنہیں، کچھ لوگوں نے واسکٹ اور نئے سوٹ سلوالیے ہیں یہ سب دھرے کا دھرا ہی رہ جائے گا، میاں نوازشریف عدالت میں ضرورپیش ہوں گے۔نوازشریف کوپروٹوکول نہیں سکیورٹی دی جاتی ہے۔انہوں نے آج یہاں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ آئین اور قانون میں ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ کی کوئی گنجائش موجودنہیں۔جوووٹ سے اقتدارمیں آسکتے ان کی ایسی خواہشیں ہیں۔ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ کی بات کرنے والے نہیں چاہتے پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہو۔انہوں نے واضح کیاکہ کچھ لوگوں نے واسکٹ اور نئے سوٹ سلوالیے ہیں لیکن یہ سب دھرے کا دھرا ہی رہ جائے گا۔انہوں نے کہاکہ اسحاق ڈارلندن ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ان کی طبیعت انتہائی ناسازہے۔اسپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ نوازشریف سے ملاقات میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔میاں نوازشریف عدالت میں ضرورپیش ہوں گے۔نوازشریف کو سکیورٹی کی ضرورت ہے۔انہیں پروٹوکول نہیں دیاجاتا بلکہ یہ ان کی سکیورٹی ہوتی ہے۔مجھے نہیں پتہ کہ نوازشریف باربارکس کی جانب اشارہ کررہے ہیں۔نوازشریف کی تصاویرپارٹی کارکنان لگاتے ہیں۔
ایازصادق