پاکستانی مارکیٹ میں امریکی سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش اعزاز چودھری
واشنگٹن (اظہرزمان، بیورو چیف) امریکہ میں پاکستانی سفیر اعزاز احمد چودھری نے کہا ہے پاکستانی مارکیٹ میں امریکی سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ پاکستان سے آئے ہوئے ایک تجارتی وفد کی پاکستانی سفارتخانے میں آمد پر ان سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلے اور ان کے کاروباری افراد کے درمیان پائیدار رابطے وقت کی اہم ضر و ر ت ہے۔ اس وفد کی قیادت گورنر سندھ محمد زبیر کر رہے ہیں۔ پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایسے وفود کے تبادلے سے جہاں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا وہاں اس سے عوام کے عوام سے رابطے کو بھی تقویت ملے گی۔پاکستان کی ابھرتی ہوئی معیشت میں امریکہ اور دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی روابط اور سرمایہ کاری کے بیش بہا مواقع موجود ہیں جنہیں مناسب طریقے سے دریافت کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنر سندھ نے بتایا پاکستان کے سرکاری اور نجی شعبے پر مشتمل یہ تجارتی وفد باہمی تجارت کیلئے تمام امکانات کا جائزہ لے گا اور اس کا ایک مقصد آئندہ سال کے آغازمیں کراچی میں ’’امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی مواقع کی کانفرنس‘‘ میں امریکی سرمایہ کاروں کی شرکت کو یقینی بناناہے۔ پاکستانی سفیر اور گورنر سندھ نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے کیلئے پاکستان امریکن کمیونٹی کے اہم کردار کا اعتراف کیا اور اس امر پر اتفاق کیا کہ اس سلسلے میں مزید کام کرنا چاہئے۔
اعزاز چوہدری