ہنر مند پاکستانی خواتین معیشت میں اہم کردار ادا کریں گی ،امریکی قونصل جنرل

ہنر مند پاکستانی خواتین معیشت میں اہم کردار ادا کریں گی ،امریکی قونصل جنرل

  

ملتان(خصوصی رپورٹ) امریکی قونصل جنرل لاہور الزبتھ کنیڈی ٹروڈو نے کہا ہے کہ ہنر مند پاکستانی خواتین مستقبل قریب میں ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کریں گی کیوں کہ خود اعتماد اور اقتصادی طور پر با اختیار نوجوان خواتین معاشرے کی پہچان ہیں۔ امریکی قونصل جنرل لاہور الزبتھ کینیڈی ٹروڈو نے یو ایس ایڈ کے پروگرام پنجاب یوتھ فورس ڈویلپمنٹ (پی واٗئی ڈبلیو ڈی) پراجیکٹ کے تحت تربیت مکمل کرنے والی 40خواتیں میں تقسیم اسناد کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر یوایس ایڈ کے پی وائی ڈبلیو ڈی کے ڈائریکٹرلی سواسن ، جنرل منیجر آپریشن ٹیوٹا بریگیڈیر (ر) محمد مقصود اور ملتان چمبر آف کامرس کے صدر ملک اسرار احمد بھی موجود تھے۔یہ تقریب مارکیٹ پر مبنی تجارت کے حوالے سے اپنی چھ ماہ کی تربیت مکمل کرنے والی طالبات کے اعزاز میں منعقد کی گئی، ان طالبات کو فنی تربیت دینے کے لئے یو ایس ایڈ نے فنڈز دئیے جبکہ یو ایس ایڈ نے ٹیوٹا کے تعاون سے اس تربیت کے لئے ٹریننگ سیشنز کو تیار کیا۔اس موقع پر الزبتھ کنیڈی ٹرو ڈیو کا کہنا تھا کہ اپنے تمام گریجویٹ طلباکو مبارکباد دیتی ہوں جنہوں نے ہمارے ساتھ اس سفر کو منتخب کیا ہے، ہم آپ کے جذبے کی تعریف کرتے ہیں اور خود اعتماد اور اقتصادی طور پر بااختیار نوجوان خواتین کے طور پر آپکی کامیابیوں کے منتظر ہیں۔ آپ اپنے خاندانوں اور کمیونٹی کے پائیدار معیشت میں حصہ لیں گے. مجھے یقین ہے کہ آپ کی شراکت آنے والے برسوں میں اہم ہوگی۔پی وائی ڈبلیو ڈی نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر انہیں اپنا روزگار شروع کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے، یہ تین سالہ پروگرام پنجاب حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو ہنرمندبنانے کی پالیسی کی تکمیل ہے۔ اس پراجیکٹ کے ذریعے جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان ، لودھراں ، بہاولپور اور مظفر گڑھ کے 16سال سے35سال تک10ہزار نوجوانوں کو ہنرمند اور باروزگار بنایا جا رہا ہے ،جن میں35فیصد خواتین شامل ہیں۔بعد ازاں انہوں نے حکومت امریکہ کی جانب سے مائیکرو سکالرشپ کے تحت ’’انگلش ایکسیس ‘‘ کورس مکمل کرنے والے300طلبہ و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کی۔ ایکسیس پروگرام کے ذریعے ہائی سکول کے طلبہ کو دو سالوں تک انگریزی زبان اور لیڈر شپ کی ٹریننگ دی جاتی ہے۔ امریکی سفارت خانہ اس وقت ملک بھر میں4000طلبہ و طالبا ت کو سکالر شپ دے چکا ہے جبکہ اس پروگرام کے تحت13ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ وطالبات اپنے کورسز مکمل کر چکے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -