سیرت و میلادکمیٹی ربیع الاول میں فعال کردار ادا کریگی، اظہار بخاری
راولپنڈی ( جنرل رپورٹر)چیر مین امن کمیٹی ممتاز مذہبی سکالر علامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا ہے کہ افراتفری کے دور میں ذکر مصطفی ؐ سے جنت کا راستہ ملتا ہے۔ امن ہمیں آمنہ کے لعلؐ کی برکت سے ملا، امن ہماری وراثت ہے۔ حُب رسولؐ کی مالا میں پروئے ہوئے مسلمان متحد ہو جائیں ۔ نام محمد ؐسے دونوں ہونٹ جُڑ تے ہیں ، کلمہ پڑھنے والے کیوں نہیں جڑ جاتے ۔ آمد رسولؐ کا تقاضہ بھی یہ ہے کہ قوم اپنی صفوں میں انتشار اور نفرت کی بد بو پیدا نہ ہونے دیں۔ ضلعی امن کمیٹی، مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی ربیع الاول میں فعال کردار ادا کرے گی ۔ رسول ؐ کی ولادت پر جسطرح بازار سجتے ہیں ۔دل کی گلی بھی اسی طرح سج جائے ، تو نفرت کے اندھرے ختم ہو جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی کے صدر شیخ ناصر علی کی طرف سے میلاد کمیٹی کے عشائیہ میں اظہار خیال کر تے ہوئے کیا ۔ اظہار بخاری نے کہا میلاد النبیؐکے اجتماعات میں تمام مکاتب فکر کے علماء اتحاد و یگانگت کا پیغام دیں ، اور دھشتگردی کی مذمت کریں ۔ اسلام کی تسبیح کے بکھرے موتی متحد ہو جائیں ۔ورنہ اسلام دشمن گدھیں ہمیں چُن چُن کر نگل جائیں گی ۔پاکستان وہ مضبوط قلعہ ہے ،جہاں ہر مکتب فکر اور محب وطن نے اپنے آشیانے بنا رکھے ہیں ۔ ان چھوٹے چھوٹے آشیانوں کو دھشتگردوں سے بچانے کیلیے ہمیں چھوٹے چھوٹے اختلافات ختم کرنے ہو نگیں ۔ امن کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لیے علماء اپنا کردار ادا کریں ۔نبی پاک ؐنے ساری زندگی کیسی کی عزت نفس کو مجروح نہیں کیا ۔شریعت مصطفی ؐپر عمل کر نے سے ہمارا اپنا ہی فائدہ ہے۔ علماء کرام کی خدمات صوبے میں خصوصی طور پر ضلع راولپنڈی میں امن و امان بر قرار رکھنے میں مثالی ہیں ۔ ہمیں چھوٹے چھوٹے مسائل پر الجھ کر ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرائی سے اجتناب کرنا چائیے ۔اگر دل محبت رسول ؐکی خوشبو سے خالی ہو تو سامنے قرآن و سنت کی روشنی بھی ہو تو دل کا اندھا اس کی عظمت سے محروم رہتا ہے ۔اخلاقی پستی ،جذباتی انتشار اور فکری خلفشار کے اس سیاہ دور میں ضرورت اس امر کی ہے ، کہ ملک بھر میں ذکر حبیب ؐ کانفرنسوں کا انعقاد عمل میں لایا جائے ۔کیونکہ حضور کریم ؐ ہی اس کائنات ارض و سما کی تخلیق کا محرک اور سبب ہیں ۔مسلمان حُب رسول ؐ کا دامن پکڑ لیں ۔تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں شکست نہیں دے سکتی ۔