پیپلز پارٹی پٹرولیم قیمتوں میں اضافے،لوڈ شیڈنگ کیخلاف آج مظاہرہ کریگی

پیپلز پارٹی پٹرولیم قیمتوں میں اضافے،لوڈ شیڈنگ کیخلاف آج مظاہرہ کریگی

  

راولپنڈی (جنرل رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پیپلز پارٹی سٹی کے زیراہتمام آج5نومبر بروز اتوار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے، گیس اور بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور لوڈشیڈنگ اور اشیائے صرف کی روزافزوں گرانی و مہنگائی کے خلاف پریس کلب لیاقت باغ کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی سٹی کے سیکرٹری اطلاعات ناصر میر کے مطابق اس امر کا فیصلہ گذشتہ روز سٹی صدر بابر سلطان جدون کی صدارت میں پارٹی آفس میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں پی پی پی پنجاب کے نائب صدر چوہدری اسد پرویز نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ پارٹی اور اس سے ملحقہ تمام تنظیموں پیپلزویمن ونگ، پیپلز لیبر بیورو، پیپلز یوتھ، پی ایس ایف اور تمام متعلقہ وارڈ کمیٹیوں کے عہدیداران اور کارکنوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اتوار سہ پہر 2بجے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جائے شہادت سے پریس کلب لیاقت باغ تک ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور پریس کلب کے سامنے مہنگائی کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -