کیا آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے نہانے کے پانی سے چکن کی مزیدار خوشبو آئے؟ اگر ہاں تو KFC کا یہ پراڈکٹ آپ کے لئے ہے

ٹوکیو (نیوز ڈیسک) بعض اوقات ہم اس شش و پنج میں مبتلاءہوجاتے ہیں کہ پہلے کھانا کھا کر بھوک مٹا لیں یا پہلے غسل کر لیں، لیکن عالمی شہرت یافتہ فوڈ چین ’کے ایف سی‘ نے غسل کے دوران بھنے ہوئے چکن کا مزہ دینے والی انوکھی شے ایجاد کر کے یہ مسئلہ ہی حل کر دیا ہے۔
دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق کے ایف سی جاپان کی جانب سے ایک ایسا صابن متعارف کروادیا گیا ہے جس کی خوشبو بالکل بھنے ہوئے چکن جیسی ہے۔ کے ایف سی نے یہ پراڈکٹ جاپانی کمپنی ویلیج وین گارڈ کے تعاون سے تیار کی ہے۔ ابتدائی طور پر بھنے چکن کی خوشبو والے صابن محدود تعداد میں متعارف کروائے گئے ہیں جو جاپان میں منتخب کسٹمرز کو دئیے جائیں گے۔ اس صابن کو 11 مختلف اقسام کی جڑی بوٹیوں اور مسالوں سے بنایا گیا ہے۔
کے ایف سی کا کہنا ہے کہ اگر آپ یہ صابن حاصل کرنا چاہتے ہیں تو کے ایف سی کے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر اس کے متعلق کی گئی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کریں۔ یاد رہے کہ کے ایف سی اس سے پہلے فرائی چکن کی خوشبو والی سن سکرین کریم، موم بتیاں اور لپ بام بھی متعارف کرواچکی ہے۔