’ استعفیٰ اسی چائے کی طرح ہے جو عمران خان سے ملنے والے مہمانوں کو کبھی نہیں ملتی‘ عامر لیاقت نے مولانا کیلئے پیغام جاری کردیا

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اس عمران خان سے استعفیٰ لینے چلے ہیں جس نے تین گھنٹے کی پارلیمانی میٹنگ میں شرکا کو صرف پانی پلا کر ثواب دارین حاصل کیا۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عامر لیاقت حسین نے لکھا ’3 گھنٹے پارلیمانی میٹنگ ، وزیر اعظم نے خود اور سب کو صرف پانی پلا کر ثواب دارین حاصل کیا، چائے نہ بسکٹ، روٹی نہ سالن، جو وزیراعظم اپنے ساتھیوں اور اتحادیوں کو چائے نہیں دیتاتم اس سے استعفیٰ مانگنے چلے ہو مولانا، استعفیٰ چائے کی طرح ہے نہیں ملے گا ۔‘
خیال رہے کہ پیر کے روز وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں وزیر اعظم نے واضح کیا تھا کہ وہ کسی ڈیل کا حصہ نہیں ہیں اور نہ ہی کسی کو این آر او دیں گے۔ انہوں نے رہنماﺅں کو ہدایت کی تھی کہ وہ بھرپور تیاری کے ساتھ اپوزیشن کو جواب دیں ۔
پارلیمانی رہنماﺅں کے اجلاس میں متفقہ قرارداد بھی منظور کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ حکومت کی تمام اتحادی جماعتیں، موجودہ حکومت پر اور وزیر اعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ موجودہ حکومت کی تاریخی اصلاحات ملک کی تعمیرو ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گی۔ قرار داد کے متن کے مطابق پارلیمانی رہنماﺅں نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کا کردار اہم تھا اور وہ اس پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہیں۔پاکستان کو درپیش معاشی، سفارتی، انتظامی اور دیگر چیلنجز سے نبردآزماءہونے کے لئے وزیر اعظم اور حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلایا جاتا ہے۔