گراں فروشوں کیخلاف آپریشن کی تیاریاں‘ ڈاکٹر اختر ملک فوکل پرسن مقرر

گراں فروشوں کیخلاف آپریشن کی تیاریاں‘ ڈاکٹر اختر ملک فوکل پرسن مقرر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
ملتان (نیوز رپورٹر)حکومت پنجاب نے گراں فروشوں پر شکنجہ سخت کرتے ہوئے 3 روز گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت اقدامات کیلئے مختص کر دیے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک کو ملتان ڈویژن کا فوکل پرسن بھی مقرر کر دیا گیا۔ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک کی سربراہی میں پرائس کنڑول بارے اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژن بھر میں جاری گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی کیخلاف آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ عام آدمی کی فلاح کیلئے(بقیہ نمبر9صفحہ12پر)

گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں پر بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بڑے ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں پر ہاتھ ڈالیں۔ چینی اور آٹے سمیت کسی بھی اشیائے خوردونوش کی قلت پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ عوام کی جیبیں کاٹنے والے گراں فروشوں کو حوالات کی سیر کرائی جائے۔پرائس کنڑول مجسٹریٹس اشیائے ضروریہ کی فراہمی ارزاں نرخوں پر یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرائس کنڑول مجسٹریٹ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کریں اور جرمانوں سے زیادہ قیمتوں کے کنٹرول پر زور دیں۔اس موقع پر بریفننگ دیتے ہوئے کمشنر ملتان ڈویژن افتخار علی سہو نے بتایا کہ کمشنر آفس میں پرائس کنڑول فیڈ بیک میکنزم سسٹم تشکیل دیا گیا ہے جبکہ مختلف آئٹمز بارے فوکل پرسنز بھی مقرر کر دیئے گئے ہیں۔ ماہ اکتوبر 16117 چھاپے مارے گئے، 50 ایف آئی آر درج اور 26گراں فروش گرفتار کیے گئے جبکہ 5058300 روپے کے جرمانے کیے گئے۔ جس میں سے 3052 جرمانے زائد نرخ پر کیے گئے۔ کمشنر افتخار سہو نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ضلع بدری سے بچنے کیلئے کارکردگی بہتر کریں۔جن پرائس کنڑول مجسٹریٹس کی کارکردگی بہتر نہیں ان کو شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں۔ کمشنر نے کہا کہ متعدد گراں فروشوں کیخلاف لاکھوں روپے کے جرمانے کئے گئے، اب حوالات کی باری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی افسران بازاروں میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام اقدامات کریں۔جو ریٹ بنایا جائے اس پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔تمام پرائس کنڑول مجسٹریٹ ناپ تول کے پیمانے بھی چیک کریں جبکہ ضلعی افسران منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو مانیٹر کریں۔ افتخار سہو نے مزید کہا کہ قیمت پورٹل پر عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔شہری 080002345 پر قیمت پورٹل پر شکایت درج کراسکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کیساتھ مل کر اشیاء خوردونوش کے نرخ مقرر کیے جائیں گے۔ ملتان پنجاب بھر میں پرائس کنٹرول پر تیسرے نمبر پر ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز آغا ظہیر عباس شیرازی، قمرالزماں قیصرانی،اسسٹنٹ کمشنرز قاضی منصور، شہزاد محبوب، احمد رضا، ڈاکٹر عابدہ فرید، خواجہ عمیر اور ضلع کے پرائس کنڑول مجسٹریٹس جبکہ ویڈیو لنک پر ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔