حکومت کی ناکامی ہر شعبہ میں ثابت ہو چکی ہے،اشرف بھٹی
لاہور (نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی لاہور کے سینئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہاہے کہ ایک ہی سال میں حکومت کی ناکامی ہر شعبہ میں ثابت ہو گئی ہے۔ تاجروں، اساتذہ اور ڈاکٹروں سمیت عوامی احتجاج نے حکومت کے دل کی دھڑکن مدھم کردی ہے۔
حکومت کے خلاف لوگوں کے احتجاج کا کریڈٹ بھی حکومت کو ہی جاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک پر عشروں سے مسلط ظلم و جبر کے نظام کو ختم کیے بغیر عام آدمی کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آسکتی۔ جب تک یہ لوگ موجود ہیں غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہوتا رہے گا۔ جب تک سرمایہ داراور جاگیردار اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں، غریب کی زندگی میں کوئی انقلاب نہیں آسکتا۔ ان کی سیاسی موت پاکستان کے استحکام اور ترقی و خوشحالی کے لیے از حد ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت احتساب میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اگر حکومت احتساب کرتی تو سب سے پہلے احتساب کے شکنجے میں وہ لوگ آتے جو اس کی بغل میں بیٹھے ہیں۔ یہ احتساب نہیں سیاست کرتے ہیں اور ان کی سیاست کا اصل ہدف غریب کی زندگی اجیرن بنانا اور انہیں زندہ درگور کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ دب گیااور غریب کا ختم ہوگیاہے۔ حکومت کشمیر اور عوام دونوں کو بھول چکی ہے۔