ہاؤسنگ پراجیکٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرینگے،محمود الرشید

ہاؤسنگ پراجیکٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرینگے،محمود ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیرہاؤسنگ میاں محمودالرشید سے ابوظہبی کے ”محمد عمربن حیدر ہولڈنگ گروپ“ کے وفد نے ملاقات کی اور نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں کم لاگت گھروں کی تعمیر کے حوالے سے مذاکرات کئے۔ وفد کی قیادت جنرل ڈائریکٹر انٹرنیشنل بزنس ڈویلپمنٹ ڈاکٹر ناجی بوفخردین کر رہے تھے جبکہ بزنس منیجر علی لیلو بھی اس میں شامل تھے۔ اس موقع پر وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب وسیم چوہدری اور سیکرٹری ہاؤسنگ نسیم صادق بھی موجود تھے۔ میاں محمودالرشید نے ابوظہبی کے بزنس گروپ کو نیاپاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تعمیراتی قواعد اور قابل عمل بزنس ماڈلز کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت اس پراجیکٹ کے تحت کم لاگت گھروں کی تعمیر کے حوالے سے غیرملکی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ غیرملکی اداروں کا نیاپاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کیلئے خدمات فراہم کرنا خوش آئندہے۔

وائس چیئرپرسن او پی سی وسیم چوہدری نے کہاکہ او پی سی ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کی کوششوں کا اہم حصہ ہے اور ابوظہبی کے بزنس گروپ کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے۔ وفد کے سربراہ ڈاکٹر ناجی فخردین نے بتایاکہ ان کا گروپ نیاپاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت گھروں کی تعمیر میں دلچسپی رکھتا ہے اور تعمیراتی شعبہ میں 80سال کا تجربہ رکھتا ہے۔ اس موقع پر فیصلہ ہوا کہ بزنس گروپ ایک ماڈل گھر بناکر پیش کرے گا۔میاں محمودالرشید نے کہاکہ کم لاگت گھروں کی تعمیر کے حوالے سے غیرملکی اداروں کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔