پروفیسر طلعت نصیر پاشا نے ایجوکیشن یونیورسٹی کے وی سی کا چارج سنبھال لیا
لاہور(لیڈی رپورٹر ) نامور ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہ امتیاز) نے گزشتہ روز یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے نئے وائس چانسلر کے طور پر چارج سنبھال لیا۔ پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا قبل ازیں 8 برس سے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے بطور وائس چانسلر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ تعلیمی حلقوں میں پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کو ایک ایسے ماہر تعلیم کے طور پر جانا جاتا ہے جو اپنے علم کے ذریعے معیشت کی مضبوطی کے نظریے پر یقین رکھتے ہیں اور اپنے انہی نظریات کو وہ گزشتہ 8 سال سے عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔ ملک بھر کے تعلیمی حلقوں میں پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کی اس تقرری کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ تعلیمی میدان میں گراں قدر خدمات پر حکومت پاکستان کی طرف سے انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے اساتذہ و ملازمین نے پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کی بطور وائس چانسلر تقرری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ جس طریقے سے پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کو اپنی بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے باعث مقام عروج پر پہنچایا اسی طرح وہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن کو نئی رفعتوں سے ہمکنار کریں گے۔