ماتحت اہلکاروں سے بہترین پرفارمنس لینا افسران کی ذمہ داری:آئی جی پنجاب

ماتحت اہلکاروں سے بہترین پرفارمنس لینا افسران کی ذمہ داری:آئی جی پنجاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کر ائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہاہے کہ پولیس کو درپیش چیلنجوں سے موثر طور پر نبرد آزما ہونے کیلئے تمام اے ایس پیز سخت محنت، لگن اور دیانتداری کو اپنا شعار بنائیں اورشہریوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے انکی بے لوث خدمت اور جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی تمام ذہنی، فکری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ ماتحت اہلکاروں سے بہتر سے بہتر پرفارمنس لینا افسران کی ذمہ داری ہے چنانچہ فور س کے ساتھ نرم گفتاری، شائستگی اور بہتر رویہ اپنایا جائے۔ کیرئیر کے آغازمیں چیلجنگ پوزیشنز پر پوسٹنگ کو ترجیح دیں تاکہ آپکی گرومنگ کا عمل بہتر سے بہتر ہوسکے اور آپ مستقبل میں آنے والی پیشہ ورانہ مشکلات اور نشیب و فرا ز سے بہتر طور پر نبرد آزما ہوسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس کے دورے پر آئے اے ایس پیز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ آئی جی پنجاب نے اے ایس پیز کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہاکہ پنجاب پولیس معاشرے میں قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کے ساتھ پبلک سروس ڈلیوری پر بطور خاص توجہ دے رہی ہے چنانچہ تمام اے ایس پیز اوپن ڈور پالیسی کے تحت مظلوم، غریب اور بے سہارا شہریوں کی خدمت کیلئے خود کو موجود رکھیں معاشرے سے جرائم کے خاتمے کیلئے پولیس افسران کا جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ماڈرن پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا بھی ضروری ہے چنانچہ اپنی استعداد کار میں اضافے کیلئے وقت کے ساتھ ساتھ جدید تربیتی کورسز جاری رکھیں اور ملک کے جس بھی حصے میں تعینات ہوں وہاں ذمہ دار آفیسر کے طور پر اپنے ٖفرائض ہر صورت قا نون کے دائرے کے اند ر رہتے ہوئے سر انجام دیں۔زیر تربیت افسران نے 8787 آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر، مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول روم سمیت دیگر شعبوں کا دورہ بھی کیا، اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سید خرم علی شاہ بھی موجود تھے۔