پارٹی کا بلاول کو دھرنے میں شرکت نہ کرنے کا مشورہ(رپورٹر کی ڈائری)
لاہور(شہزاد ملک) پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پر واضح کردیا ہے کہ وہ کسی بھی قیمت پر دھرنوں کی سیاست کا حصہ نہیں بنیں گے دھرنوں کی سیاست کسی بھی طرح سے ملکی مفاد میں نہیں ہے اس لئے ہمیں دھرنوں کی سیاست کو نہ تو سپورٹ کرنا چاہئے اور نہ ہی اس کا حصہ بننا چاہئے اور نہ ہی اس کی سپورٹ کے حوالے سے کوئی بیان بازی کرنی چاہئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جب گزشتہ روز چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا کہ پیپلز پارٹی بھی جے یو آئی (ف) کے سر براہ مولانا فضل الرحمن کی جانب سے اسلام آباد میں دئیے گئے دھرنے کا حصہ بن سکتی ہے تواس بیان کے بعد پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے ایک غیر رسمی ہنگامی مشاورتی اجلاس منعقد کیا اور چیئرمین پر واضح کردیا کہ بھٹو شہید سے لے کربے نظیر شہید تک پیپلز پارٹی کی قیادت ہر دور میں ہونے والے دھرنوں کی مخالف رہی ہے چاہے وہ دھرنے پیپلز پارٹی کی حکومت کے حق میں ہوں یا پھر پیپلز پارٹی کی مخالف جماعتوں کے خلاف دئیے گئے ہوں لہٰذا ہمارا موقف ہمیشہ ہی سے یہی رہا ہے کہ ہمیں کسی بھی قیمت پر دھرنوں کی سیاست کا حصہ نہیں بننا چاہئے۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کیمٹی کے ارکان کا کہنا تھا کہ اگر آج ہم کسی بھی سیاسی و مذہبی جماعت کے دھرنے کو سپورٹ کریں گے تو پھر کل کو جب ہماری پارٹی کی حکومت ہو گی تواس وقت بھی کوئی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت کے لوگ لوگوں کو لا کر ہمارے خلاف دھرنا دیں گے تو پھر تب ہم کیا کریں گے اس لئے ہمیں اپنے ماضی کے موقف کی طرح آج بھی اپنے اسی موقف پر ہی قائم رہنا چاہئے اور چاہے کچھ بھی ہو جائے ہمیں دھرنوں سے خود کو دور کر لینا چاہئے۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے کہا ہے کہ وہ اپنی عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں ملک بھر میں شروع کئے گئے جلسے جلوسوں کے سلسلے کو اسی طرح سے جاری رکھیں اور اس کے دائرہ کار کو جنوبی پنجاب اور بالخصوص سینٹرل پنجاب میں بھی لے کر جائیں اور گلگت بلتستان سمیت آزاد کشمیر میں بھی جلسے جلوس کئے جائیں اور عوامی رابطہ مہم میں حکومت مخالف تحریک کو بغیر کسی وقفہ کے جاری رکھا جائے اور پارٹی کے یوم تاسیس کو بنیاد بنا کر بھی ملک بھر میں جلسے جلوسوں کا انعقاد کیا جائے اور اس حوالے سے پارٹی کو بھی ملک بھر میں منظم کیا جائے اور پارٹی کے ونگز کو ٹاسک دیا جائے کہ وہ جلسے جلوسوں کااہتمام کریں۔