کرتار پور،دربار صاحب دنیا کا  سب سے بڑا گورودوارہ بن گیا

کرتار پور،دربار صاحب دنیا کا  سب سے بڑا گورودوارہ بن گیا

  



 لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)گوردوارہ دربار صاحب کرتار پور کی تعمیر ریکارڈ مدت میں مکمل کرلی گئی۔سرکاری ذرائع کے مطابق گوردوارہ دربار صاحب کی تعمیر 11 ماہ میں مکمل کی گئی اور 4 ایکڑ کے گوردوارے کو 42 ایکڑ تک وسیع کردیا گیا ہے جب کہ گوردوارے کے گرد 800 ایکڑ اراضی دربار صاحب کے لیے مختص ہے، اس کے علاوہ گوردوارے سے ملحقہ 26 ایکڑ پر باغات اور36 ایکڑ پر فصلیں اگائی جارہی ہیں۔ذرائع کا کہناہے کہ  دربار صاحب دنیا کا سب سے بڑا گوردوارہ بن گیا ہے جس میں بارہ دری، لائبریری، میوزیم، مہمان خانہ اور لنگر خانہ بھی شامل ہے۔ذرائع کے مطابق کرتارپور ٹرمینل پر بھارتی سکھ یاتریوں کی بائیومیٹرک تصدیق کی جائے گی اور کرتار پور کے راستے آنے والے یاتریوں سے 20 ڈالر فی کس سروس چارجز لیے جائیں گے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ کرتار پور راہداری کے راستے یومیہ 5 ہزار یاتری دربار صاحب آسکیں گے، یاتری صبح آکر شام کو واپس جائیں گے جب کہ ویزہ لے کر واہگہ ائیرپورٹ سے آنے والے یاتری زیادہ دن قیام کرسکیں گے۔یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کرتارپورراہداری منصوبے کا سنگ بنیاد 28 نومبر 2018ء کو رکھا تھا، تقریباً ایک سال میں دربار صاحب سے پاک بھارت سرحد تک ساڑھے چار کلو میٹر لمبی سڑک اور دریائے راوی پر پلْ کی تعمیر مکمل کی جاچکی ہے۔وزیراعظم عمران خان بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر 9 نومبر کو کرتارپور راہداری کا افتتاح کریں گے۔

کرتار پور

مزید : علاقائی