امریکہ کی پاکستان کو برآمدات بڑھانے کیلئے تعاون کی یقین دہانی

امریکہ کی پاکستان کو برآمدات بڑھانے کیلئے تعاون کی یقین دہانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس ڈیسک) امریکی قونصل جنرل کیتھرین روڈریگویز نے امریکہ کو پاکستانی برآمدات بڑھانے کے لیے پاکستانی تاجروں کو ویزا کے اجراء میں آسانی سمیت ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد اور ایگزیکٹو کمیٹی سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ کاروباری خاندان سے تعلق ہونے کی وجہ سے انہیں کاروبار سے خاص لگاؤ ہے۔ لاہور میں امریکی قونصلیٹ پاکستانی تاجروں سے ویزا کے اجراء سمیت تمام معاملات میں تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان مضبوط روابط باہمی تجارت بڑھانے میں کردار ادا کریں گے۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے تجویز پیش کی کہ لاہور چیمبر اور امریکی قونصلیٹ کے زیر سرپرستی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون قائم کیے جائیں جس سے پاکستانی کی امریکہ کو برآمدات بڑھیں گی۔ انہوں نے لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ سرٹیفیکیشن لیبارٹری کے قیام کے لیے امریکی قونصلیٹ کی مدد طلب کی۔ انہوں نے امریکی قونصل جنرل کو آگاہ کیا کہ وہ آئی ٹی اور ٹیکسٹائل سیکٹر کا وفد جلد ہی امریکہ لیکر جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے توقع ظاہر کی کہ جون 2020ء تک وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں پاکستانی معیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہوجائے گی۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر نے کہا کہ لاہور چیمبر رواں سال کے دوران ایکسپورٹ پر خصوصی توجہ مرکوز کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیوں کے لیے پاکستانی تاجروں کے ساتھ توانائی سمیت دیگر شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کو فارماسیوٹیکل، لیدر، لائٹ انجینئرنگ، آلات جراحی، فوڈ، ریٹیل سیکٹر، زرعی ٹیکنالوجی، پولٹری اور گوشت کے شعبوں میں بھی مشترکہ منصوبہ سازی کرنی چاہیے۔ سارک چیمبر کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے ایکسپورٹ ہاؤسز کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ 
شعبہ اطلاعات

مزید :

کامرس -