گورنرپنجاب و وزیراطلاعات نے پاک پلاسٹکس نمائش کا افتتاح کردیا
لاہور(پ ر)پاکستان پلاسٹکس نمائش ملک میں پلاسٹک کی صنعت کی وسیع ترین سالانہ نمائش ہے، جس کا انعقاد 04 سے 06 نومبر 2019 ء کو لاہور ایکسپو سینٹر میں ہو رہا ہے۔ پاکستان پلاسٹک مینوفیکچررز ایسو سی ایشن (PPMA) کے زیر اہتمام اس نمائش کی شاندار افتتاحی تقریب ہوئی۔ اس بین الاقوامی تقریب میں دنیا بھر سے 150 سے زائد نامور ادارے اپنی مصنوعات مہارت اور جدید ترین ٹیکنالوجی پیش کر رہے ہیں، جسے دیکھنے کے لئے تین دنوں میں 100,000سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب محمد سرو ر اور سینئرمنسٹر انڈسٹریز اور انفارمیشن میاں اسلم اقبال تھے، جن کے ہمراہ PPMA کے پریذیڈنٹ اور SVC سمیت ایگزیکٹیو کمیٹی اور پاک پلاسٹکس نمائش کی انتظامی کمیٹی کے اراکین شامل ہوئے۔ تقریب میں شامل دیگر اہم شخصیات میں؛ پاک پلاس کے صدر سید نبیل ہاشمی اور پیٹرن - عثمان زکریا، سمیت متعدد بین الاقوامی اداروں کے نمائندگان شامل تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب محمد سرو ر اور سینئرمنسٹر انڈسٹریز اور انفارمیشن میاں اسلم اقبال نے کہا کہ؛ یہ ترقی پسند نمائش پاکستان میں پلاسٹک انڈسٹری کے اہم ترین اداروں کے مابین مشترکہ کاوشوں کو فروغ دے گی۔ نمائش میں: خام مال کے پیداواری ادارے، پلاسٹک مشینری کے تیار کنندگان، مولڈز اور ڈائیز بنانے والے ادارے، تاجر برادری، درامدی اور برامدی ادارے، پلاسٹک مصنوعات کے ادارے اور سرمایہ کار بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔ دیگر شرکاء میں صنعتی خریدار، ماہرین، کاروباری شخصیات، قانون ساز ادارے اور پیشہ ور افراد شامل ہیں۔ نمائش کے شرکاء کو اس صنعت کی تیز تر ترقی کے حوالے سے مشاورت، اہم معلومات اور تجاویز کا تبادلہ کرنے کے بھرپور مواقع ملیں گے۔
مصنوعات اور خدمات کی پیشکش کے علاوہ پلاسٹک صنعت کی کامیابیوں اور اہم منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ متعدد تربیتی نشستوں میں ٹیکنالوجی کی جدّت، پیداواری صلاحیت میں اضافہ، برآمدی مواقع اور اس صنعت میں بدلتے ہوئے رجحانات پر روشنی ڈالی جائے گی۔ جہاں کاروباری روابط کو وسعت دینے اور اشتراکی منصوبوں کی تخلیق پر بھی اہم گفتگو ہو گی۔