فیلڈ سٹاف اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دے‘ سیکرٹری لائیوسٹاک

 فیلڈ سٹاف اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دے‘ سیکرٹری لائیوسٹاک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اے پی پی)سیکرٹری لائیوسٹاک نبیل احمد اعوان نے کہا ہے کہ محکمہ کا فیلڈ سٹاف اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دے۔ یہ بات انہوں نے  سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل و ڈپٹی سیکرٹریز اور ڈائریکٹر جنرلزسمیت ڈویژنل ڈائریکٹرز وڈائریکٹر کمیونیکیشن نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد محکمہ لائیوسٹاک کی سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔ اجلاس کے دوران پنجاب بھر سے آئے ڈویژنل ڈائریکٹرز نے سیکرٹری لائیوسٹاک کو اپنی کارکردگی بارے بریف کیا۔ سیکرٹری لائیوسٹاک نبیل احمد اعوان نے محکمہ کے سینیئر افسران کو  محکمانہ قوانین کی عملداری یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ صوبہ بھر میں تمام مویشی پال خواتین وحضرات کو ویٹرنری سروسز کی بلا تاخیر فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے تمام سٹاف کو اُن کی اصل تعیناتی کے مقام پر پوسٹ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ جہاں سے تنخواہ لے رہے ہیں وہاں اپنی خدمات سر انجام دیں۔ اس موقع پر سیکرٹری لائیوسٹاک نے کہاکہ تمام اضلاع میں کام کرنے والی موبائل ویٹرنری ڈسپنسریوں اور موبائل ٹریننگ بسوں پر آفیسرز تعینات کرنے کیلئے باقاعدہ ڈیوٹی روسٹرز جاری کئے جائیں اور روٹیشنل بنیادوں پر افسران کی تعیناتیاں کی جائیں۔

 انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ ریٹائر ہونے والے افسران واہلکاروں کے کیسز فوری نمٹائے جائیں نیز دوران ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے کیسز ڈائریکٹر حضرات ترجیحی بنیادوں پر جلداز جلد پایہ تکمیل کو پہنچائیں۔ سیکرٹری لائیوسٹاک نبیل احمد اعوان نے  ٹیکنیکل فیلڈ سٹاف کی کمی ہر ممکن طریقے سے پوری کرنے اور فیلڈ سٹاف کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے احکامات جاری  کیے۔

 اس موقع پر سیکرٹری لائیوسٹاک نے جانوروں کی ٹیگنگ اور شناخت کے طریقہ کار بارے حتمی تجاویز پر مشتمل رپورٹ 3روز  میں جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تیار کی جانے والی ویکسین کو بین الاقوامی لیبارٹریوں سے ٹیسٹ کروایا جائے گا تاکہ ملک میں تیار کی جانے والی ویکسین عالمی تقاضوں پر پوری اُتر سکے۔ سیکرٹری لائیوسٹاک نے کہا کہ آوارہ کتوں اور ریبیز کیسز سے نمٹنے کے لیے دیرپا اور موثر حکمت عملی تشکیل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹرز لائیوسٹاک کواپنے اپنے اضلاع میں کام کرنے والے فیلڈ سٹاف کی کارکردگی ہر 15یوم بعد چیک کرنے کی ہدایت کی۔

مزید :

کامرس -