روپے کی قدر میں کمی سے ملک میں ہوشربا مہنگائی جنم لے رہی ہے،راجہ عدیل
لاہور(یواین پی)تاجر رہنما انجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدرراجہ عدیل و سابق ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی سے ملک میں ہوشربا مہنگائی جنم لے رہی ہے جبکہ موجودہ حکومت کے مالی سال 2017-18میں روپے کی قدر گرنے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 5کھر ب سے زائد خسارہ کا سامنا کرنا پڑا۔اسٹیٹ بینک کی سالانہ رپورٹ کے مطابق روپے کی بے قدری کے باعث مرکزی بینک کو506ارب13کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑاجو تشویشناک امر ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید گنج کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
راجہ عدیل اشفاق نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر مہنگاء ہونے سے صنعتی شعبہ میں استعمال ہونے والے برآمدی خام مال کی قیمت میں اضافہ سے صنعتی شعبہ متاثر ہوا اور اس کی پیداواری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے ملک میں ہوشربا مہنگائی نے جنم لیاجس کی روک تھام کیلئے تاحال کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے۔انہونں نے کہا کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے5سال کے دوران اسٹیٹ بینک کو اوسطاْ 282ارب روپے منافع ہوا جبکہ پیپلز پارٹی کے 5سالوں میں اوسطاْ سالاہ منافع199ارب روپے رہا۔جبکہ موجودہ حکومت کے پہلے سال ہی اسٹیٹ بینک کو506ارب 13کروڑ نقصان کا سامنا کرنا پڑا جس کی بنیادی وجہ روپے کی قدر میں کمی ہے انہوں نے کہا حکومت روپے کی قدر کو مستحکم کرنے اور ڈالر کو کنٹرول کرے تاکہ ملک میں ہوشربا مہنگائی کی روک تھام کے ساتھ ساتھ اسٹیٹ بینک کے خسارہ میں بھی کمی ہوسکے۔