سی پیک مزید اقتصادی انقلاب کی نوید ثابت ہو گا،ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن

 سی پیک مزید اقتصادی انقلاب کی نوید ثابت ہو گا،ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل آباد(آن لائن)آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہاہے کہ چیلنجز کے باوجود تیزی سے ترقی کرتی ہوئی پاکستانی معیشت میں پاک چین اکنامک راہداری منصوبہ مزید اقتصادی انقلاب کی نوید ثابت ہو گا جبکہ تاریخ کی سب سے بڑی بیرونی سرمایہ کاری ہونے سے پاکستان خوشحال، غربت و بیروزگاری کی شرح میں کمی آئے گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی 22کروڑ کی آبادی کیلئے اقتصادی راہداری منصوبہ ایک میگا پراجیکٹ ہے جس سے پاکستان کے علاوہ خطے کے دیگر ممالک میں بھی تعمیر و ترقی کے نئے باب کا اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی جانب سے راہدار ی کے مغربی روٹ کی بروقت تکمیل کی ہدایات سے راہداری جلد مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہاکہ چین پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کررہاہے جس سے نجی شعبہ کو بھی بہت فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ چین پاکستان کا سب سے اہم اور مضبوط دوست ملک ہے جس کے ساتھ تعلقات بڑھانے میں تمام قوتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ یہ ایک طویل مدت منصوبہ ہے تاہم اس کی جوں جوں تکمیل ہو گی تو ں توں اس کے ثمرات سامنے آتے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اکنامک کوریڈور سے معاشی انقلاب کے علاوہ صنعتی، تجارتی، کاروباری، درآمدی، برآمدی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ گوادر پورٹ کی تکمیل بھی دنیا کے ایشیائی، افریقی،یورپی ممالک سے بہترین روابط استوار کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنی جغرافیائی حدود کے باعث غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کیلئے نہایت پرکشش مارکیٹ ہے جہاں اقتصادی راہداری کی تکمیل کے بعدمزید سرمایہ کاری بھی یقینی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو نئی سرمایہ کاری لانے کے ساتھ ساتھ ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ بھی ترجیحات کا تعین کرنا ہوگا جس کیلئے انہیں بجلی و گیس کے بحران سے نجات سمیت مزید مراعات دینا ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں لیکن سرمایہ کاری میں کمی اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر نہ ہونے سے مسائل جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت انڈسٹریل سیکٹر کے مسائل حل کرنے میں سنجیدگی کامظاہرہ کرے گی اور اس سلسلہ میں تمام وسائل کو بروئے کار لایاجائیگا۔انہوں نے حکومت کو اپنے ہر ممکن تعاون کابھی یقین دلایا۔ #/s#

مزید :

کامرس -