آئی ایم ایف حکام کا خزانہ کی قائمہ کمیٹی سے ملاقات کا فیصلہ،پالیسی مذاکرات شروع،3ماہ کے معاشی اہداف کا جائزہ لیا جائیگا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی مذاکرات کا آغاز ہو گیا جس میں آئندہ تین ماہ کے معاشی اہداف کا جائزہ لیا جائے گا۔ خسارہ کم کرنے کیلئے اقدامات اور نجکاری پروگرام سے بھی آئی ایم ایف کو آگاہ کیا جائے گا۔آئی ایم ایف کو جولائی تا ستمبر کی ٹیکس وصولیوں اور اکتوبر تا دسمبر کیلئے اہداف پر بریفنگ دی جائے گی۔ ایف بی آر کو پہلی سہ ماہی میں 108 ارب روپے خسارے کا سامنا ہے جسے کم کرنے کیلئے اقدامات اور نجکاری پروگرام سے متعلق بھی آئی ایم ایف کو آگاہ کیا جائے گا۔مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں پاکستان کو 46 کروڑ ڈالر قرض کی نئی قسط جاری کی جائے گی۔ پالیسی مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ جبکہ آئی ایم ایف وفد کی قیادت مشن ہیڈ ارنستو رمیزو رنگو کر رہے ہیں۔ سیکرٹری خزانہ، گورنر سٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر بھی پاکستانی وفد کاحصہ ہیں۔دوسری طرف آئی ایم ایف حکام نے پارلیمانی خزانہ کمیٹیوں سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے،آئی ایم ایف حکام کی قومی اسمبلی او ر سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں خزانہ سے ملاقات ہوگی،ملاقات بدھ 6 نومبر کو پارلیمنٹ ہاوس میں ہوگی،ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال اور آئی ایم ایف پالیسی پر مشاورت ہوگی۔
آئی ایم ایف