کسی کے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کیلئے ملکی استحکام پر آنچ نہیں آنے دینگے،قومی معاملات پر سٹیک ہو لڈرز کی ہم آہنگی ضڑوری:جنرل باجوہ

کسی کے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کیلئے ملکی استحکام پر آنچ نہیں آنے دینگے،قومی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ فوج ریاست کا ادارہ ہے جو قومی اداروں کی مدد کیلئے آئین و قانون کے تحت فرائض انجام دیتا رہے گا، مذموم مقاصد کیلئے قربانیوں کے ثمرات کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ کانفرس کے شرکاء  نے عزم ظاہر کیا کہ تمام خطرات کے خلاف ملک کا دفاع کریں گے۔کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم نے مشترکہ قومی کاوشوں، پاکستان کی مسلح افواج، قومی اداروں اور سب سے بڑھ کر قوم کی قربانیوں سے بہتر داخلی سلامتی اور استحکام حاصل کیا۔ کسی کے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کیلئے ہم اس استحکام پر آنچ آنے کی اجازت کسی قیمت پر نہیں دیں گے۔آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج ملکی اداروں کی مدد کیلئے آئین و قانون کے تحت تفویض کردہ فرائض انجام دیتی رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان مشرقی سرحد اور لائن آف کنٹرول سمیت ہرقسم کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیارہے۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اہم قومی معاملات پر اسٹیک ہولڈرز کی ہم آہنگی دشمن قوتوں کو شکست دینے کیلئے ضروری ہے۔کانفرنس میں قومی سلامتی، داخلی سیکیورٹی، مشرقی سرحد، ایل اوسی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس

مزید :

صفحہ اول -