مارچ،دھرنے کے شرکاء کا صفائی ستھرائی کا نظام انتہائی معقول
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آزادی مارچ کے شرکا نماز فجر کے بعد ناشتے کی تیاریوں میں مصروف ہو جاتے ہیں،مختلف علاقوں سے گروپس کی صورت میں آئے شرکا کی اکثریت انفرادی طور پر ناشتہ خود تیار کرتی ہے جبکہ بعض شرکا جلسہ گاہ میں لگائے گئے فوڈ اسٹالز سے ناشتہ کرتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق جے یو آئی (ف)کی قیادت میں آزادی مارچ کے شرکا ملک کے طول و عرض سے اسلام آباد آئے ہیں، ان شرکا نے اپنے ساتھ خوراک کا ذخیرہ بھی رکھا ہوا ہے صبح کے اوقات میں آزادی مارچ میں ناشتے کی تیاری کے دلچسپ مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں۔نماز فجر کی ادائیگی کے بعد شرکا انفرادی طور پر ناشتہ خود تیار کرتے ہیں بعض شرکا آملیٹ، حلوہ اور پراٹھا بناتے تو بعض مختلف کھانے تیار کرتے نظر آتے ہیں جبکہ بعض شرکا فوڈ سٹالز کا رخ کرتے ہیں آزادی مارچ کے شرکا نے کہاکہ دھرنا چاہے جتنا بھی طویل ہو جائے ان کے پاس خوراک کا تمام بندوبست ہے۔شرکا نے کہاکہ پاکستان ہمارا اپنا ملک ہے،صفائی کا بہترین انتظام رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ جے یو آئی ف کے دھرنے کو ماضی کے دھرنوں سے منفرد بنائے ہوئے ہیں،دھرنے کی وجہ سے جہاں شرکا پر تنقید کی جارہی ہے تو وہاں اس بات کی خوشی بھی ہے کہ کارکنان جائے مقام کی صفائی کا خاص خیال رکھ رہے ہیں۔
دھرنا / رپورٹ