تعلیم،آئی ٹی،صنعت،اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

تعلیم،آئی ٹی،صنعت،اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

  



اسلام آبادکوالا لمپور(این این آئی،آئی این پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمو د قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، ملائشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،وزیر اعظم عمران خان کے دورہ  ملائشیا اور وزیر اعظم مہاتیر محمد کے دورہ پاکستان نے دوطرفہ تعلقات کو تقویت دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ نے یہ بات ملائشیا کے نائب وزیر خارجہ احمد مرزوقی یحییٰ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملائشیا کے نائب وزیر خارجہ مرزوقی یحییٰ نے وزیر خارجہ کا آمد پر پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، ملائشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ  ملائشیا اور وزیر اعظم ملائشیا مہاتیر محمد کے دورہ پاکستان نے دوطرفہ تعلقات کو تقویت دی ہے۔ وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر پر بھارتی دھمکیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اصولی موقف اپنانے اور پاکستان کے نقطہ نظر کی تائید پر ملائشیا کی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ملائیشیا کے مابین تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعت سمیت دو طرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں کے دوران ملاقات میں مسلم ممالک کو درپیش مسائل اور ان مسائل سے نمٹنے کیلئے لائحہ عمل کی ضرورت پر بھی گفتگو ہوئی  ہوئی۔دوران ملاقات اسلامو فوبیا، مسلم اقلیتوں پر جاری جبر و استبداد، مسلم ممالک میں پاء جانے والی غربت اور جہالت، مسلم امہ کی صفوں میں اتحاد کے فقدان جیسے موضوعات بھی زیر بحث آئے۔فریقین کا تعلیم، نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے، آئی ٹی اور زراعت کے شعبہ میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پرتکلف عشائیے پر ملائیشین نائب وزیر خارجہ مرزوقی یحییٰ کا شکریہ ادا کیا۔دریں ثنا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے مشکل فیصلے کرنا پڑے، اب ہم معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہے ہیں،معیشت کو پرکھنے کے لئے قائم تمام اشاریے بہتری کی نوید سنا رہے ہیں، تین سال میں پہلی مرتبہ سرمایہ کاری کا حجم 340 ملین ڈالر تک جا پہنچا۔ملائیشیا کے سرکاری دورے کے دوران کوالالپمور میں وزیر خارجہ نے پاکستانی نژاد سلطانہ کلثوم آف پاہنگ کے ظہرانے میں شرکت کی۔ سلطانہ کلثوم آف پاہنگ نے استقبالیہ خطاب میں معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین تعاون کافروغ عمران خان اورمہاتیر محمد کی ہم آہنگی کا نتیجہ ہے۔اس موقع پر وزیر خارجہ نے بزنس کمیونٹی سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

شاہ محمود قریشی

مزید : صفحہ اول