پنجاب،خیبرپختونخوا گرینڈ ہیلتھ الائنس،حکومتوں میں ڈیڈ لاک برقرار

پنجاب،خیبرپختونخوا گرینڈ ہیلتھ الائنس،حکومتوں میں ڈیڈ لاک برقرار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور، پشاور (جنرل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) لاہور سمیت پنجاب بھر میں گرینڈہیلتھ الائنس اور پنجاب حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار رہا۔ جس کے باعث شہر کے تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کا احتجاج اور ہڑتال 26 ویں روز میں داخل ہوگیا۔ ہڑتال کے باعث سرکاری ہسپتالوں کے انڈور، آؤٹ ڈور،آپریشن تھیٹرز اور لیبارٹریاں بند ہونے سے جہاں سناٹے چھائے رہے وہاں غریب مریض ذلیل و خوار ہو کر رہ گئے۔ ڈاکٹروں نے ہسپتالوں میں ایم ٹی آئی ایکٹ کی منظوری کے خاتمے تک ہڑتال جار ی رکھنے کا عزم کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتالوں میں احتجاجی مظاہرے کئے اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔ہڑتال کے باعث ہسپتالوں میں علاج معالجہ تقریبا بند ہے، وارڈز کو تالے لگا دیئے گئے ہیں اور ایمر جنسی جہاں سروسز دی جا رہی ہیں وہاں مریضوں کی شرح اموات میں خوفناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ایمر جنسی وارڈوں میں مریضوں کی اموات سے ہسپتال کے درودیوار ہر لمحہ چیخوں اور آہو بکا سے گونجنا شروع ہو گئے ہیں۔ ہسپتالوں میں ان ڈورز کی بندش کے بعد ایمرجنسی میں ہی ان ڈور بیڈز لگا دیئے ہیں جہاں ڈاکٹرز، نرسیں فرائض انجام دینے سے گریزاں ہیں۔افسوسناک پہلو یہ ہے ہڑتال 26روز میں داخل ہو گئی ہے مگر حکومت مسئلے کا حل نکالنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔دوسری طرف خیبر پختونخوا میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کی سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال اکتالیس ویں روز میں داخل ہو گئی۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے علاوہ دیگر سروسز معطل، ہڑتال سے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں مریضوں کی مشکلات کم نہ ہو سکیں۔ کہتے ہیں ہسپتال آتے ہیں لیکن او پی ڈی میں ڈاکٹرز موجود نہیں ہو تے۔گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مطابق مطالبات تسلیم نہ ہونے تک او پی ڈیز میں ہڑتال کا سلسلہ جاری رہے گا۔ واضح رہے گرینڈ ہیلتھ الائنس نے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کی نجکاری کے سلسلے میں پنجاب کی صوبائی کابینہ سے منظور کئے گئے ایم ٹی آئی ایکٹ کیخلاف ہڑتال کر رکھی ہے۔
ڈاکٹرز ہڑتال

مزید :

صفحہ اول -