مکران بھر میں بجلی کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے ختم ہو جائیگا:چیئرمین سینیٹ

مکران بھر میں بجلی کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے ختم ہو جائیگا:چیئرمین سینیٹ

  



کو ئٹہ،گوادر(آئی این پی) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ خسرو بختیار کا گوادر میں تین سو میگا واٹ کول پاور پلانٹ پراجیکٹ اور پورٹ اتھارٹی کی تین منزلہ کمرشل کمپلیکس کا افتتاح کردیا، پاور پلانٹ کے منصوبے سے گوادر سمیت مکران بھر میں بجلی کے بحران کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گا۔چیئرمین سینیٹ اور وفاقی وزیر کے ہمراہ چائنہ کے ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز کے وائس چیئرمین پاکستان میں متعین چینی سفیر اور مختلف چینی کمپنیوں کا وفد بھی ساتھ تھا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گوادر میں 300 میگا واٹ کول پاور پلانٹ کے منصوبے سے گوادر سمیت مکران بھر میں بجلی کے بحران کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گا۔ کول پاور پراجیکٹ برادر ملک چین کی جانب سے ہے جو اپنے مقررہ مدت پر پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرپلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ تجارتی مرکز بننے نہیں جارہا بلکہ بن چکا ہے۔ گوادر پورٹ خطے کے ممالک کیلئے موثر رابطہ کاری میں اہم کردار ادا کرے گا۔ سی پیک کا منصوبہ پاکستان اور چین میں اعتماد اور دوستی کی ایک اعلیٰ مثال ہے جس کی نظیر نہیں ملتی۔ اس خطے کی ترقی اور خوشحالی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صادق سنجرانی اور خسرو بختیار نے وفد کے ہمراہ نارتھ فری زون اور ایکسپریس وے کے منصوبوں کا بھی معائنہ کیا۔ جہاں انہیں ان ترقیاتی منصوبوں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صادق سنجرانی نے نارتھ فری زون کے احاطے میں درخت بھی لگائے۔اس موقع پر چین کے سفیر نے چینی حکومت کی جانب سے چار ہزار شمسی پینل پاکستانی حکام کے حوالے کئے۔ چینی حکومت کی جانب سے دیئے گئے یہ سولر پینل خیرسگالی جذبے کے تحت گوادر کے عوام میں مفت تقسیم کئے جائیں گے۔ چینی سفیر نے پاک چین دوستی سکول کی توسیع کا بھی اعلان کیا۔سکول کو مڈل سے اپ گریڈ کرنے کیلئے پاک چائنہ سکول کیلئے مزید اراضی خریدی جائے گی۔ تقریب میں سینیٹر کہدہ بابر بلوچ، بلوچستان کے وزیرخزانہ ظہور احمد بلیدی، چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر سمیت دیگر پاکستانی و چینی اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں سکول کے طلباء و طالبات نے پاکستان اور چین کے قومی ترانے اور ٹیبلوبھی پیش کئے۔

گوادر کول پاور

مزید : صفحہ اول