حیدر ہوتی کی سروسزہسپتال آمد، نواز شریف سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی
لاہور(این این آئی) سابق وزیراعلیٰ خیبر پختوانخواہ اور وامی نیشنل پارٹی کے نائب صدر امیرحیدر خان ہوتی وفد کے ہمراہ سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی عیادت کیلئے سروسز ہسپتال آئے تاہم انہیں ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔ امیر حیدر خان ہوتی نے مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف سے ملاقات کرکے اپنی اور اپنی جماعت کی جانب سے نواز شریف کیلئے نیک خواہشات کااظہاراو رجلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر حید رخان ہوتی نے کہا کہ میرے علم میں تھا کہ علالت کی وجہ سے نواز شریف سے ملاقات کی اجازت نہیں مل سکے گی لیکن میں اپنا فرض سمجھتا تھا کہ میں عیادت کیلئے یہاں آؤں، میں اے این پی کی جانب سے پیغام لے کر آیا ہوں،ہمارا مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اچھا وقت بھی گزرا ہے، آج مسلم لیگ (ن) پر آزمائش ہے اور ہم اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں،ہم نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گوہیں۔انہوں نے کہاکہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے لیکن نواز شریف کے ساتھ جو رویہ اپنایا گیا ہے جس طر ح ان کی بیماری کا مذاق اڑایا گیا ہے یہ انتہائی افسوس ناک ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جا ئے وہ کم ہے۔
حیدر ہوتی ملاقات