پہلا پنجاب کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی سنو کر ٹورنامنٹ 9 نومبر سے شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پہلا اوپن پنجاب کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی (پی سی ایچ ایس) سنوکر ٹرافی ٹورنامنٹ 9 سے 16 نومبر تک الٹیمیٹ سنوکر کلب ڈی ایچ اے لاہور میں کھیلا جائیگا۔ ٹورنامنٹ کے انعقاد کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ 164 سے زائد کلبوں کے کھلاڑی ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ بات بابر اسماعیل بٹ چیف آرگنائزر سنوکر ٹورنامنٹ نے گذشتہ روز اپنے بیان میں کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی اس سے قبل بھی نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کے موقع فراہم کرنے کے لیے کرکٹ اور فٹسال کے ایونٹ منعقد کرا چکی ہے۔ سنوکر ٹورنامنٹ کا انعقاد بھی اس سلسلہ کی کڑی ہے جس میں نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور کر کے ان کے لیے صحت مند تفریح کا بندوبست کرنا ہے۔ ٹورنامنٹ میں رجسٹریشن کے لیے 7 نومبر آخری تاریخ رکھی گئی ہے، ٹورنامنٹ میں تمام بین الاقوامی قوانین کا اطلاق ہوگا تاہم ٹورنامنٹ انتظامیہ کو اختیار ہو گا کہ وہ ان میں تبدیلی کرنے کی بھی مجاز ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ دس بال ٹورنامنٹ کے میچز بیسٹ آف تھری کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میچز بیسٹ آف فائیو جبکہ فائنل بیسٹ آف سیون کی بنیاد پر کھیلا جائیگا۔ فاتح کھلاڑی کو پچاس ہزار نقد انعام کے ساتھ ٹرافی جبکہ رنر اپ کو 25 ہزار نقد انعام کے ساتھ ٹرافی دی جائے گی۔ ٹورنامنٹ میں بڑا بریک کرنے والے کھلاڑی کے لیے بھی پانچ ہزار کا خصوصی انعام رکھا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے لیے بہترین انتظامیہ کے لیے آرگنائزنگ کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں عادل کھوکھر اور مراتب کھوکھر شامل ہیں۔