لاہور،51 واں جعفر میموریل انٹر سکول ہاکی ٹورنامنٹ شروع
لاہور (سپورٹس رپورٹر)51 واں جعفر میموریل انٹر سکول ہاکی ٹورنامنٹ شروع ہوگیا۔ ایونٹ کے افتتاحی میچ میں ایچی سن کالج اور کیمپس بوائز سکول کے مابین میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔علی انسٹی ٹیوٹ گراؤنڈ پر افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی انٹرنیشنل ہاکی پلیئر قاسم خان نے ہٹ لگاکر مقابلوں کا آغاز کیا اس موقع پر ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل این تھامسن، کرنل سعید خان، سرمد سعید، چودھری معراج دین، سجاد بٹ، عتیق خان، عمران ظفر بٹ،مصلح الدین، علی عباس اور قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان و ڈائریکٹر ایچ سن کالج ہاکی اولمپئن محمد ثقلین بھی موجود تھے۔ ایونٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا جبکہ بینڈ نے خوبصورت دھنیں بجاکر ماحول کومزید رنگین بنایا۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں ایچی سن کالج اور کیمپس بوائز سکول کی ٹیموں کے مابین مقابلہ ہوا۔
میچ کے پہلے ہاف میں ایچی سن کالج کی جانب سے ہنزلہ آفریدی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی جو کھیل ہاف ٹائم تک برقرار رہی۔ دوسرے ہاف میں کیمپس بوائز کی ٹیم نے مخالف ٹیم کے گول پر تابڑ توڑ حملے کئے جس کے نتیجہ میں حسنین ارشد نے ڈی کے باہر سے ملنے والی فری ہٹ کو جال میں پہنچا کر میچ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔ میچ کے اختتام پر ایونٹ کے آرگنائزر کی جانب سے پرنسپل ایچ سن کالج کو شیلڈ پیش کی گئی۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 28 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جس کا فائنل 14 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ایونٹ میں آج چار میچ کھیلے جائیں گے۔