کچھ لوگوں کی صحت اور کچھ کی عقل کیلئے دعا گو ہیں:فواد چوہدری
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وہ کچھ لوگوں کی صحت اور کچھ لوگوں کی عقل کے لیے دعاگو ہیں،کوئی اسپتال میں، کوئی بیمار ہے، امید ہے مولانا کا مارچ پر امن رہے گا، کشمیرکامسئلہ اس دھرنے کی وجہ سے پیچھے چلا گیا ہے،عمران خان کا کوئی متبادل نہیں، ان پر گزارا کریں اور ہمارے ساتھ چار پانچ سال اوکھے سوکھے گزار لیں،الیکشن اب 5 سال بعد ہی ہوں گے،پینے کے پانی سے متعلق پالیسی لا رہے ہیں اور 16 مہینے میں کراچی کے پینے کے پانی کا مسئلہ حل کر دیں گے،۔پیرکوجامعہ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہاکہ کراچی یونیورسٹی 1200ایکڑ رقبے پر محیط ہے، قیام پاکستان کے بعد پاکستان جدید ریاست کے طور پر سامنے آیا، میں سائنسدان نہیں ایک وکیل ہوں، میرے خیال میں سائنسدان سیاست میں دلچسپی نہیں رکھتے، جب آپ سیاست میں دلچسپی رکھیں گے تو وکیل ہی بنیں گے۔انہوں نے کہاکہ جب دشمن واضح نہ ہو تو مشکل ہوتی ہے، بھارت ہمارا دشمن اس سے نمٹ لیں گے، 30 سے 40 سال سے ہمارا انجینئرنگ کا شعبہ ترقی نہیں کرسکا، سائنس اینڈٹیکنالوجی کے بجٹ میں 600فیصد اضافہ کیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں 200 سے زائد جامعات ہیں، پہلی بار پاکستان میں سولر پینل مینوفیکچرنگ لے کر آرہے ہیں، جب سولر مینوفیکچرنگ ہوگی تو اسٹرکچر ہی بدل جائیگا، پاکستان میں اب اسکولز، کالجز میں بھی اضافہ ہونا چاہئے، ہماری حکومت مزید اسکول اور کالجز بنائے گی۔انہوں نے کہاکہ جامعات کی تعداد کافی ہے، اسکول و کالجوں کی تعداد بڑھانی چاہیے، اسکول اور کالجوں کی تعداد میں اضافے سے جامعات مضبوط ہوں گی، ہماری حکومت مزید اسکول اور کالج بنائے گی۔بعد ازاں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا خوشی ہے پاکستان میں ریسرچ کا کلچر واپس آرہا ہے، ہماری پالیسی 6سال رہی تو پاکستان کا کھویا مقام واپس آئے گا، 2022 میں ہم اپنا پہلا اسپیس مشن خلا میں بھیج رہیہیں، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کیبجٹ میں 600فیصداضافہ ہوا، بڑی سولر پینلز کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے آرہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ مستقبل میں پاکستان سے پولز اور تاریں ختم ہو جائیں گی، لیتھیم بیٹریز کے شعبے کو بہتر کرنا چاہتے ہیں، ایڈوانس ٹیکنالوجی کیلئے بڑے سینٹرز کو اکٹھا کر رہے ہیں، ہم سب سے ملکر جدید ریسرچ سینٹرز بنا رہے ہیں۔مولانافضل الرحمان کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن کے پیچھے نماز پڑھنا سعادت ہوگی، مولانا فضل الرحمان کی سیاسی قوت سے اختلاف ہے، امید ہے مولانا کا مارچ پر امن رہے گا، علمائے کرام کا عزت و وقار ہے،احترام کرتے ہیں، اب یہ لوگ کہتے ہیں پی ٹی آئی نے بھی دھرنا دیا تھا، پی ٹی آئی نے عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹائے پھر دھرنا دیا تھا۔نواز شریف کی صحت سے متعلق فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کے خاندان کو چاہیے کہ قوم کا پیسہ واپس کرے، ہم میاں صاحب کی صحت کے لیے دعاگو ہیں، اللہ انہیں صحت دے۔انہوں نے کہاکہ فی الحال پاکستان میں ایک ہی لیڈروہ عمران خان ہے، پاکستان میں فی الحال عمران خان کاکوئی نعم وبدل نہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ آپ کو پی ٹی آئی والوں کی شکل نہیں پسند مگر چلنا ہمارے ساتھ ہی ہے، پی ٹی آئی کی تحریک سیاسی تحریک تھی، مولاناصاحب کی تحریک کیا ہے یہ تو ان کوبھی نہیں پتہ، انشااللہ دھرنے کا مسئلہ حل ہوجائے گا، کشمیرکامسئلہ اس دھرنے کی وجہ سے پیچھے چلاگیاہے۔