عالمی بینک کا خیبرپختونخوا میں اقتصادی سرگرمیوں میں تعاون بڑھانے پر آمادگی کا اظہار
پشاور(سٹاف رپورٹر)عالمی بنک خیبرپختونخوا میں بلدیاتی محکموں اور حکومتوں کی استعداد کار بڑھانے اور انہیں مزید مضبوط بنانے سمیت مزید کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ عالمی بنک صوبے میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے خیبر پاس اکنامک کوریڈورز، زراعت، سیاحت، پبلک ریسورسز منیجمنٹ اور توانائی کے شعبوں میں صوبائی حکومت کو مدد فراہم کرے گا۔ عالمی بنک کے تعاون سے صوبے میں قائم واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنیوں کی سروس مانیٹرنگ اور احتساب کا میکنزم وضع کیا جائے گا۔ اسی طرح محکمہ بلدیات میں ای-گورننس نظام بھی لایا جائے گا۔ اس امر کا اظہار اسلام آباد میں خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی اور ورلڈ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی وزیر خان، ایم ڈی کے پی آئی ٹی بورڈ شہباز خان، ورلڈ بنک حکام اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں عالمی بنک کے تعاون سے جاری منصوبوں سمیت کئی دیگر مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا میں کارکردگی مانیٹرنگ سسٹم لایا جائے گا جس سے پی ایف سی ایوارڈ میں آسانی ہوگی۔ اجلاس میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنیوں کو ایک جوابدہ ادارہ بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی سروسز کی مانیٹرنگ کے لیے میکنزم وضع کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے کہا کہ سیٹیزن فسیلیٹیشن سینٹرز سے شہریوں کے کئی محکموں سے متعلق امور ایک ہی جگہ سے نمٹائے جا سکیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیکس، سروس چارجز اور ریونیو کلیکشن کے نظام کو بھی ڈیجیٹلائز کیا جائے گا۔ اس سے ریونیو کلیکشن میں شفافیت آئے گی۔