اسحاق ڈار کو انٹرپول سے کلین چٹ ریڈ وارنٹ کی درخواست مسترد

  اسحاق ڈار کو انٹرپول سے کلین چٹ ریڈ وارنٹ کی درخواست مسترد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/ این این آئی) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو انٹرپول سے کلین چٹ مل گئی، انٹرپول نے ریڈ وارنٹ کے اجرا کی درخواست رد کر دی۔پاکستان کی وزارت داخلہ نے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔ سابق وزیر خزانہ کی طرف سے فراہم کردہ شواہد کو انٹرپول نے قبول کرلیا، ادارے کے جنرل سیکرٹریٹ نے تمام بیوروز کو ڈیٹا فائلز حذف کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔انٹرپول نے اسحاق ڈار کو بھی ریڈ وارنٹ جاری نہ کرنے کے فیصلے سے خط لکھ کر آگاہ کر دیا ہے، اسحاق ڈار کے متعلق فیصلہ دی کمیشن فار دی کنٹرول آف فائلز کے 109 ویں اجلاس میں کیا گیا۔سابق وزیرخزانہ کا اس حوالے سے کہنا ہے چند افراد اور پی ٹی آئی کی حکومت نے مجھے سیاسی جبر کا نشانہ بنایا۔دریں اثناء انٹرپول کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ انٹرپول کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، حق اور سچ کی فتح پر قوم کو مبارک ہو۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ برطانیہ کی حکومت نے اسحاق ڈار کے خلاف جھوٹ کا پلندہ ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی خدمت کرنے والے اسحاق ڈار کو آج سرخرو کیا ہے،سیاسی انتقام پر قوم کا ضائع کیاجانا والا پیسہ نیب سے وصول کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ انٹرپول نے نیب کے ہر کاغذ کو جانچ پڑتال کے بعد مسترد کردیا۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ حکومت کا فیصلہ ملک کے اندر چور اور ڈاکو کے نعرے لگانے والوں کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ فیصلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اسحاق ڈار کی بے گناہی، ایمانداری اور محنت ودیانت کا ثبوت ہے،ثابت ہوا کہ اسحاق ڈار نے ہر دور میں قوم کا ایک ایک روپیہ ایمانداری سے استعمال کیا۔ انہوں نے کہاکہ نیب اور اس کے چیئرمین کو آج اسحاق ڈار اور قوم سے معافی مانگنی چاہئے۔

مزید :

صفحہ اول -