ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا:اکبر ایوب
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ہر سطح پر حکومت اور اپوزیشن کے ایک ساتھ ملکر کام کرنے،مشاورت کے زریعے ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے اور عوام کی فلاح و بہبود کے باہمی تعاون کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ پورا ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو نیز ملکی معیشت کو پروان چڑھانے کے لئے ہم سب کو مل کر نیک نیتی سے کام کرنا ہوگا تاکہ ملک پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر مزید مستحکم کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابقہ صوبائی وزراء اور موجودہ صوبائی ممبرز ملک شاہ محمد خان اور عنایت اللہ خان سے اپنے دفتر پشاور میں ملاقات کے دوران کیا۔ اکبر ایوب خان نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ محمود خان کی سرپرستی میں تمام اضلاع کے ترقیاتی کاموں خاص کر سڑکوں کی مرمت اور نئی سڑکوں کی تعمیر کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ صوبائی حکومت آئندہ کی حکومتوں کے لئے رول ماڈل کا کردار ادا کر رہی ہے اور صوبے کے کونے کونے تک ترقیاتی عمل کی رسائی کو یقینی بنا رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ گزشتہ ادوار کی حکومتوں میں نظرانداز علاقوں میں بھی ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا ہے۔صوبائی وزیر مواصلات نے ضلع اپر دیر اور بنوں میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان اضلاع میں جاری تمام کاموں کے اعلیٰ معیار اور کوالٹی کو برقرار رکھنے کے لیے ہر لمحہ ان پر کھڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ ان کو اپنی مقررہ مدت میں شفافیت کے ساتھ مکمل کروا کے لوگوں کو مستفید کیا جاسکے۔