کینسر کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ،اے این پی کا توجہ دلاؤ نوٹس جمع

کینسر کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ،اے این پی کا توجہ دلاؤ نوٹس جمع

  



پشاور(پ ر) خیبرپختونخوا اسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک کی جانب سے صوبہ بھر میں کینسر مریضوں کی تعداد میں اضافے اور مریضوں کے سرکاری علاج کے حوالے سے توجہ دلاؤ نوٹس خیبرپختونخوا اسمبلی میں جمع کرادیا گیا ہے،جمع کرائے گئے توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے طول وعرض میں بڑھتے ہوئے کینسر مریضوں کی تعداد میں غیر متوقع اضافہ قابل تشویش حد تک بڑھ گئی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر اس موذی مرض سے اموات میں اضافہ لمحہ فکریہ ہے،جمع کرائے گئے توجہ دلاؤ نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کینسر کا علاج مہنگا ہونے کی وجہ سے اکثر غریب گھرانوں کے مریض اخراجات نہ ہونے کی وجہ سے فوت ہوجاتے ہیں، ملک بھر کے بڑے ہسپتالوں کے اعداد وشمار کے مطابق کینسر کے سب سے زیادہ مریضوں کا تعلق ہمارے صوبے سے ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ صوبے میں دہشتگردی،دھماکوں اور زہر آلود مواد  نے اپنے زہریلے اثرات اس موذی مرض کی شکل میں چھوڑی ہے، توجہ دلاؤ نوٹس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس بڑھتے ہوئے مرض کی تحقیقات کیلئے ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ وہ محکمہ صحت کے ماہرین کے تعاون سے باضابطہ سروے رپورٹ مرتب کریں اور اس موذی مرض کے وجوہات معلوم کئے جاسکیں،نوٹس میں صوبائی اسمبلی کے ذریعے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کینسر کے مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے سرکاری خزانے سے فنڈز جاری کرنے کے فوری احکامات جاری کیے جائے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر