فرشتہ مومند اور نوید خان قتل کیس، اے این پی کی جانب سے قرارداد جمع
پشاور(سٹی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی نے اسلام آباد میں قتل ہونیوالے ضلع مومند سے تعلق رکھنے والے دو ننھے معصوم بچوں کے قتل کے خلاف خیبرپختونخوا اسمبلی میں قرارداد پیش کردی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صوبائی حکومت مرکزی حکومت سے سفارش کرے کہ واقعات کے خلاف خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ ضلع مومند سے رکن صوبائی اسمبلی نثارمومند کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد میں آئے روز ناخوشگوار واقعات خصوصاً پشتونوں کیساتھ رونما ہورہے ہیں۔9سالہ فرشتہ مومند کے قتل کو سال سے اوپر ہوگیا ہے جنہیں اسلام آباد میں بے دردی سے قتل کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ 10سالہ نویدخان کو بھی بہیمانہ طور پر قتل کیا گیا اور دونوں معصوم بچوں کیساتھ جنسی زیادتی بھی کی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ دونوں واقعات کی ایف آئی آر درج کرنے میں ٹال مٹول سے کام لیا گیا۔ فرشتہ مومند کے قتل کو ایک سال جبکہ نویدخان کے قتل کا دوسرا مہینہ شروع ہوگیا ہے لیکن تاحال حکومتی حلقوں کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ قرارداد کے مطابق دونوں مقتولین کا تعلق ضلع مہمند سے ہے اور صوبائی اسمبلی حکومت سے اس امر کی سفارش کریں کہ مذکورہ واقعات کیلئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے جو اس کی شفاف تحقیقات کریں اور ملزمان کو قرارواقعی سزا دے کر نشان عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہو