سیاست کا بارواں کھلاڑی حکومت کی جڑوں میں بیٹھ گیاہے ، سلیم صافی کا دعویٰ

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار سلیم صافی نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمان جن کوسیاست کا بارواں کھلاڑی کہاجاتا تھا ، وہ حکومت کی جڑوں میں بیٹھ گئے ہیں اور ہوسکتاہے کہ جو بات وہ کررہے ہیں ، وہ بھی مستقبل میں پوری ہوجائے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”نقطہ نظر“میں گفتگو کرتے ہوئے سلیم صافی نے کہا کہ ماضی میں جتنے بھی دھرنے ہوتے تھے یااحتجاج ہوتے تھے ، وہ سکرپٹڈ ہوتے تھے اوران کا کچھ نہ کچھ پتہ چل جاتاتھا ۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے جو کام شروع کیاہے ، وہ سکرپٹ کے خلاف ہے بلکہ لگتایہ ہے کہ سکرپٹ کے مطابق لائی ہوئی حکومت کے خلاف ہے ۔ انہوںنے کہاہے کہ ہم نے مولانا فضل الرحمان کو سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ بس کریں ، آپ بہت کچھ حاصل کرچکے ہیں لیکن مولانا فضل الرحمان بضدہیں اور ان کے بھائی بھی مطمئن ہیں۔
سلیم صافی کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی نمائشی سی ہے ، حکومتی کمیٹی میں اہم بندے صادق سنجرانی اور چودھری پرویز الہٰی ہیں اور کچھ بیک ڈور چینل سے بھی بات چیت ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان او ر اپوزیشن جماعتوں کو اطمینان ہے کہ وہ اس دھرنے کے نتیجے میں بہت کچھ حاصل کرکے چلے جائیں گے ۔ان کاکہناتھا کہ مولانا فضل الرحمان جن کوسیاست کا بارواں کھلاڑی کہاجاتا تھا ، وہ حکومت کی جڑوں میں بیٹھ گئے ہیں اور ہوسکتاہے کہ جو بات وہ کررہے ہیں ، وہ بھی مستقبل میں پوری ہوجائے ۔