ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے کمانڈر کوسٹ کی کمان سنبھال لی

ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے کمانڈر کوسٹ کی کمان سنبھال لی
ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے کمانڈر کوسٹ کی کمان سنبھال لی

  



کراچی(صباح  نیوز)ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے پی این ایس قاسم، کراچی میں منعقدہ تبدیلی کمانڈ کی ایک پر وقار تقریب میں بحیثیت کمانڈر کوسٹ کی ذمہ داری  سنبھال لی،وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی نے کمانڈ، ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی کے حوالے کی۔

کمانڈر کوسٹ ساحلی پٹی اور کریکس کے علاقوں میں پاک بحریہ کی تمام یونٹس اور تنصیبات کے نگرانِ اعلی ہیں، اس کے علاوہ اسپیشل سروسز گروپ (نیوی) اور پاک میرینز کی سربراہی بھی انہی کے ذمے ہے۔ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے 1986 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیریئر کے دوران وہ مختلف کمانڈ اینڈ اسٹاف عہدوں پر فائز رہے۔ ان کی اہم کمانڈ تعیناتیوں میں کمانڈنگ آفیسر پی این ایس طارق، ڈائریکٹر پاکستان نیوی ٹیکٹیکل سکول شامل ہیں جبکہ ان کی اہم اسٹاف تعیناتیوں میں فلیٹ آپریشنز آفیسر اور چیف اسٹاف آفیسر ٹو کمانڈر پاکستان فلیٹ کراچی، ڈائریکٹر نیول وار فیئر اینڈ آپریشنل پلانز، اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف (پرسنل)، نیول سیکریٹری اور ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) نیول ہیڈ کوارٹرز، اسلام آبادشامل ہیں۔ کمانڈر کوسٹ کے فرائض سنبھالنے سے قبل ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی کراچی میں بحیثیت فلیگ آفیسر سی ٹریننگ خدمات انجام دے رہے تھے۔

ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی پاکستان نیوی وار کالج لاہور، نیول اسٹاف کالج فلپائن، رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز برطانیہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں۔ ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں ہلال امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا۔کمانڈ کے فرائض سونپے جانے پر نئے کمانڈر کوسٹ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ان کے ماتحت کمانڈنگ افسران سے ان کا تعارف کروایا گیا۔ تبدیلی کمانڈ کی تقریب میں پاک بحریہ کے افسران اور سیلرز کی بڑی تعداد شریک تھی

مزید : قومی