مذاکرات میں ہونیوالی باتوں کومنظر عام پرنہیں لایا جارہا، وفاقی وزیرشفقت محمود

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہاہے کہ جب تک مذاکرات ہورہے ہیں تو کسی کی جانب سے بھی مذاکرات میں ہونیوالی باتوں کومنظر عام پر نہیں لایا جارہا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیاکامران خان کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ ہم نے رہبر کمیٹی کو جو کہناتھا وہ کہہ دیا ہے،ہمیں امید ہے کہ رہبر کمیٹی کے ساتھ جو مثبت گفتگو ہوئی ہے ، وہ اسی انداز میں اپنی اپنی قیادت سے بات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر رہبر کمیٹی ہمار ی باتوں کوعوام میں نہیں لارہی تو یہ ایک اچھی بات ہے کیونکہ جب تک مذاکرات ہورہے ہیں تو کسی کی جانب سے بھی مذاکرات میں ہونیوالی باتوں کومنظر عام پر نہیں لایا جارہا۔
شفقت محمود کا کہنا تھاکہ بات چیت کا سلسلہ چلا تو اور باتیں بھی ہوسکتی ہیں، ابھی تک ہم مذاکرات کوان کے چارمطالبات اور اپنی تجاویز تک محدود رکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کی جانب سے کئے گئے معاہدے کی پاسداری کی جارہی ہے جوایک مثبت بات ہے ۔انہوں نے کہاکہ آئین کی پاسدار ی پر سب قائم ہیں، رہبر کمیٹی نے قائدین سے مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کرنے کا کہاہے ۔