وزیراعظم عمران خان آج اتحادیوں کو ظہرانہ دیں گے،اہم معاملات زیر غوآئیں گے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم عمران خان آج اتحادی جماعتوں کوظہرانہ دیں گے ،ظہرانے میں موجودہ سیاسی صورتحال، پاکستان ڈیموکریٹک موومٹ کے معاملے پر مشاورت ہوگی۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سیاسی مشاورت کے لیے اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج وزیراعظم اتحادی پارٹیوں کو ظہرانہ دیں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اتحادیوں کو سیاسی صورتحال پر اعتماد میں لیں گے۔ اپوزیشن کی تحریک پی ڈی ایم سے نمٹنے کے لیے بھی مشاورت ہو گی۔
ظہرانے میں سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشیدشریک ہوں گے۔وفاقی وزیرامین الحق ایم کیوایم پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جی ڈی اے کی نمائندگی فہمیدہ مرزا کریں گی اور بلوچستان عوامی پارٹی کی زبیدہ جلا ل بھی ظہرانے میں شریک ہوں گی۔
خیال رہے کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پی ڈی ایم تحریک شروع کی گئی ہے ۔ وزیراعظم پارٹی ترجمانوں اور وزراءکو پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ پی ڈی ایم کی سیاسی محاذ پر بھرپور مزاحمت کی جائے ۔ اب وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اتحادیوں کو بھی اعتمادمیں لینے کا فیصلہ کیاگیا جس میں وزیراعظم اپنے اہم اتحادیوں کو بھی اس معاملے سے متعلق اعتماد میں لیں گے۔