ووٹ چور ظالم حکومت کے پاس گالی، گولی اور شیلنگ کے سوا کچھ نہیں: مریم اور نگزیب 

ووٹ چور ظالم حکومت کے پاس گالی، گولی اور شیلنگ کے سوا کچھ نہیں: مریم اور ...

  

  اسلام آباد،لاہور  (جنرل رپورٹر،این این آئی)ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کسانوں پر تشدد اور شیلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کسان اتحاد کے رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ عمران خان آپ کا خوف، ڈر اور گھٹیا پن آپ کے ہر عمل سے ظاہر ہے۔ اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ وزیراعظم کی دہشت گردی کا عملی مظاہرہ آج لاہور میں کسانوں پر ہو رہا ہے۔آٹاچینی، بجلی،گیس چور عوام پہ سر عام دہشت گردی کر رہے ہیں۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز، سرکاری ملازمین، ڈاکٹرز، طلباء میڈیا، ہرطبقہ آج سراپا احتجاج ہے۔ کسانوں کو روزگار دینے کے بجائے گرفتار کرنا عمران خان کی فاشسٹ سوچ کی عکاسی ہے۔ووٹ چور ظالم حکومت کے پاس عوام کے لئے گالی، گولی اور شیلنگ کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام سے جینے کا حق چھیننے والی ظالم حکومت مظلوموں کی بات سننے پر بھی آمادہ نہیں۔ 126دن ڈی چوک پہ منتخب وزیراعظم کے خلاف دھرنہ، سول نافرمانی، ہنڈی کے ذریعے پیسے منگوانے کا اعلان کرنے والا مظلوموں کی بات سْننے کو تیا ر نہیں۔ عمران خان وزیراعظم ہاوس میں چھپنے سے آپ عوام کے غیض وغضب سے بچ نہیں سکتے۔کسانوں پر ڈنڈے برسا کر زرعی پیداوار میں اضافہ نہیں ہوگا، کسانوں یہ سلوک صرف ووٹ چور ہی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں سمیت پورے پاکستان پر ووٹ چور ٹڈی دَل نے حملہ کیا ہوا ہے۔ جب تک ظالم ووٹ چور حکومت سے نجات نہیں ہوگی کسانوں سمیت ہر شعبہ زندگی اذیت میں رہے گا۔ ڈنڈے اور آنسو گیس کے گولے برسانے والی حکومت کے خلاف عوام سڑک پر آچکے ہیں۔ہر روز مہنگائی، بے روزگاری اور مسائل کے مارے آپ کا استعفیٰ مانگ رہے ہیں، گھر جانے کا وقت ہو گیا ہے۔

مریم اورنگزیب

مزید :

صفحہ آخر -