شہباز، حمزہ کی میڈیکل سہولت، گاڑی تبدیلی کی درخواست پر جواب طلبی
لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت نے میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی جیل میں میڈیکل سہولت اور گاڑی کی تبدیلی کے متعلق درخواست پر جیل سپرنٹنڈنٹ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ سے جواب طلب کرلیاہے احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی درخواست پر سماعت کی شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے نواز چودھری اور سلمان سرور ایڈووکیٹس عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت میں پیشی کے موقع پر بکتر گاڑی تبدیل کی گئی، جس کے باعث شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی کمر کی تکلیف بڑھ رہی ہے، دونوں اپوزیشن لیڈر ہیں اور ڈیڑھ سال سے لینڈ کروزر گاڑی دی جا رہی تھی، اچانک ان سے یہ سہولت واپس لے لی گئی ہے، عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ سے جواب طلب کر لیاہے، عدالت نے میاں شہباز شریف کی فزیو تھراپی سے متعلق سپرنٹنڈنٹ جیل، آئی جی جیل خانہ جات اور ہوم ڈیپارٹمنٹ سے کمنٹس طلب کئے ہیں،اس کیس کی مزیدسماعت 9 نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔