نیشنل انڈر 19تھری ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ آج شروع

        نیشنل انڈر 19تھری ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ آج شروع

  

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیشنل انڈر 19 ون ڈے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کے بعد اب نیشنل انڈر19 تھری ڈے ٹورنامنٹ کا آغاز آج ہوگا، جہاں 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے  انڈر19 کرکٹرز ریڈ بال کرکٹ مقابلوں کے دوران ایکشن میں نظر آئیں گے۔ تین  روزہ طرز کی کرکٹ کے مقابلے  لاہور، مریدکے اور شیخوپورہ میں کھیلے جائیں گے۔چوبیس روزہ ایونٹ کاچار روزہ  فائنل 26 نومبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں  شروع ہوگا۔ سندھ انڈر19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں  اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ جمعرات سے شروع ہونے والے ایونٹ میں کْل پچیس لاکھ  روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی جائے گی۔ ایونٹ کی فاتح  ٹیم کو 15 لاکھ جبکہ رنرزاپ کوساڑھے سات لاکھ  روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بیٹسمین، بہترین وکٹ کیپر اور بہترین باؤلر کو پچاس پچاس ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں  کْل پندرہ لیگ میچز کھیلے جائیں گے، جہاں پلیئر آف دی فائنل کو پچیس ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔

5نومبر سے شروع ہونے والے ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں دفاعی چیمپئن سندھ اور بلوچستان کی انڈر19 ٹیمیں ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں تین روزہ میچ کا آغاز کریں گی۔سنٹرل اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں رانا نوید الحسن کرکٹ اکیڈمی شیخوپورہ جبکہ ناردرن اور خیبرپختونخواکی ٹیمیں مریدکے کنٹری کلب میں مدمقابل آئیں گی۔بلوچستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد ابراہیم سینئرکا کہنا ہے  کہ وہ تھری ڈے ٹورنامنٹ میں ون ڈے چیمپئن شپ والی غلطیاں نہ دہرانے کی کوشش کریں گے، وہ پرامید ہیں کہ فارمیٹ کی تبدیلی سے بلوچستان کی کارکردگی کے گراف میں بھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے ٹورنامنٹ میں ہمارے بلے بازوں نے توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا تھا تاہم تھری ڈے ٹورنامنٹ میں بلوچستان انڈر19 ٹیم ایک نئے روپ میں نظر آئے گی۔سنٹرل پنجاب انڈر19 کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد حریرہ کا کہنا ہے کہ یہ فارمیٹ ون ڈے کرکٹ سے یکسر مختلف ہے، بطور کپتان مجھے اپنے اسکواڈ سے تھری ڈے میں بہترین کارکردگی کی امید ہے۔انہوں نے کہا کہ تھری ڈے کرکٹ میں ہمیں تحمل مزاجی اور صبر سے کام لینا پڑے گا۔خیبرپختونخوا انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان عباس علی کا کہنا ہے کہ کے پی کی باؤلنگ لائن اپ مضبوط ہے اور وہ پرامید ہیں کہ تمام کھلاڑی اس نئے فارمیٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ناردرن انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضا المصطفیٰ کا کہناہے کہ ٹیم کا کمبی نیشن بہترین ہے، ون ڈے چیمپئن شپ کے فائنل میں جو  غلطیاں ہوئیں ا س سے سبق سیکھ کر تھری ڈے ٹورنامنٹ میں ایک نیا آغاز کریں گے۔دفاعی چیمپئن سندھ انڈر19 کرکٹ ٹیم کے کپتان صائم ایوب کا کہنا ہے  کہ ون ڈے چیمپئن شپ میں ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنے سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، کوشش ہوگی کہ تھری ڈے ٹورنامنٹ میں بھی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں۔ سدرن پنجاب انڈر19 کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد شہزاد کا کہنا ہے  کہ ون ڈے ٹورنامنٹ میں ٹیم کی کارکردگی سیاطمینان بخش نہیں رہی  مگر انہیں ان کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے، اسکواڈ میں شامل یہ تمام کرکٹرز تھری ڈے ٹورنامنٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -