سیرت طیبہؐ ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے،جسٹس(ر) میاں محبوب
لاہور (لیڈی رپورٹر) نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے اورسیرت النبیؐ کی روشنی میں ہم اپنے تمام مسائل حل کر سکتے ہیں۔کائنات کا کوئی ذرہ بھی آپؐ کی رحمت سے محروم نہیں ہے ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں نظریہئ پاکستان ٹرسٹ اور تحریکِ پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے منعقدہ سہ روزہ سیرت النبیؐ کانفرنس کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا کلیدی موضوع ”سیرت النبیؐ اور امت مسلمہ کا مستقبل“ ہے۔ پروگرام کی صدارت چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس (ر) میاں محبوب احمد نے کی جبکہ اس موقع پر وائس چیئرمین نظریہئ پاکستان ٹرسٹ میاں فاروق الطاف، صدر نیشنل مشائخ کونسل پاکستان حضرت خواجہ غلام قطب الدین فریدی، آستانہ عالیہ حسینیہ حافظ آباد کے صاحبزادہ سید وسیم الحسن نقوی، ڈپٹی ڈائریکٹر اقبال اکیڈمی ڈاکٹر طاہر حمید تنولی،مہتمم جامعہ نعیمیہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، پیر سید نوبہار شاہ، معروف سکالر قاری اصغر علی سلطانی، بیگم خالدہ جمیل، علمائے کرام، طلبا وطالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات کی کثیر تعداد موجود تھی۔