وزیرخارجہ سے بوسنیا کے صدر کی ملاقات، مقبوضہ کشمیر پر مکمل حمایت کی یقین دہانی 

    وزیرخارجہ سے بوسنیا کے صدر کی ملاقات، مقبوضہ کشمیر پر مکمل حمایت کی یقین ...

  

  اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے اسلام آباد میں پاکستان کے دو روزہ دورہ پر آئے بوسنیا ہرزیگووینا کی پریذیڈنسی کے چیئرمین شفیق جعفرووچ نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات،خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان کے بوسنیا، ہرزیگووینا کے ساتھ خوشگوار برادرانہ تعلقات استوار ہیں،دونوں ممالک نے ضرورت کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کی مدد کی۔بوسنیاکے صدر نے کہاکہ پاکستان نے بوسنیا میں جنگ کے دوران اقوام متحدہ کے امن دستوں میں نمایاں طور پر شرکت کی جس پر میں آپ کا بہت شکرگزار ہوں۔وزیر خارجہ نے،بوسنیا کے صدر کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے حوالے بیان کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔کشمیریوں کو بھارتی محاصرے اور جبر سے نجات دلانے کیلئے بوسنیا سمیت عالمی برادری کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر بوسنیا نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ انسانی حقوق کے احترام کو مرکزی حیثیت دی جانی چاہیے اس لیے ہم نے کشمیر کے حوالے سے اپنے بیان میں زور دیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں پر امن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے پاکستان آ کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔پاکستان اور بوسنیا کے مابین گہرے روابط ہیں اس دورہ کے دوران ہمیں باہمی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔

ملاقات 

مزید :

صفحہ اول -