مہنگائی کا ”جن“ حکومتی مشینری کے قابوسے باہر، مزید 17اشیاء خوردونوش مہنگی

  مہنگائی کا ”جن“ حکومتی مشینری کے قابوسے باہر، مزید 17اشیاء خوردونوش مہنگی

  

  اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار اعداد وشمار جاری کردئیے جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 1.38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور آلو، پیاز، ٹماٹر، لہسن، چینی، انڈے، گوشت اور ایل پی جی کی قیمتوں سمیت 17اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی اوسط فی کلو قیمت میں 62 روپے 79 پیسے اضافہ ہوا جس سے ٹماٹر کی فی کلو قیمت 134 روپے 80 پیسے سے بڑھ کر 197 روپے 59 پیسے ہوگئی جبکہ پیاز کی فی کلو قیمت میں 4 اور آلو کی فی کلو قیمت میں ایک روپے 81 پیسے اضافہ ہوا ہے۔ چینی ایک ہفتے کے دوران 4 روپے 15 پیسے مہنگی ہوئی اور انڈوں کی قیمت میں 1.04 روپے فی درجن اضافہ ہوا ہے جبکہ خشک دودھ، مٹن، بیف اور دال ماش کی قیمتیں بھی بڑھی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایل پی جی کا گھریلو سیلنڈر 13 روپے فی کلو مہنگا ہوا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے جن میں چکن ایک روپے 92 پیسے فی کلو اور آٹا 33 پیسے فی کلو سستا ہوا جبکہ دال مونگ، مسور، چنا،گْڑ کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے،تازہ دودھ، دہی، گھی، نمک اور مرچ سمیت 27 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔

مہنگائی

مزید :

صفحہ اول -